الیکشن کمیشن نے مریم نواز کو پاکستان مسلم لیگ (ن) میں نائب صدر کا عہدہ دینے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرلی۔
الیکشن کمیشن 27مئی کو صبح 10 بجے پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سماعت کے لیے بھیجے جانے والے نوٹسز پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کو موصول ہوگئے ہیں۔
پی ٹی آئی کے اراکین پارلیمان فرخ حبیب، ملیکہ بخاری، جویریہ ظفر اور کنول شوذب نے مریم نواز کو مسلم لیگ نواز کی نائب صدارت دینے کا فیصلہ چیلنج کررکھا ہے۔
پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری فرخ حبیب نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ مریم نواز سپریم کورٹ کے فیصلے کی رو سے کسی بھی سیاسی و عوامی عہدے کی اہل نہیں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مریم نواز کے معاملے میں خود ان کے والد نواز شریف کی نظیر موجود ہے۔
فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ مریم نواز بھی یقیناً بلاول کی طرح وراثت میں سیاسی جماعت چاہتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان اور انتخابی قوانین کسی نااہل شخصیت کو بہرحال سیاسی عہدہ سنبھالنے کی اجازت نہیں دیتے۔
پی ٹی آئی رکن اسمبلی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے روبرو پیش ہوں گے اور مریم نواز کی تقرری پر اپنا مؤقف قانونی انداز میں پیش کریں گے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں کو پاکستان مسلم لیگ (ن) میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ ہوئی تھی اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو پارٹی کا سینئر نائب صدر جبکہ مریم نواز کو نائب صدر مقرر کردیا گیا تھا۔












