امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربات سے فکر مند نہیں ہیں، تاہم امید کرتے ہیں کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان وعدوں کی پاسداری کریں گے۔

صدر ٹرمپ ان دنوں چار روزہ سرکاری دورے پر جاپان میں موجود ہیں۔ اپنی ایک ٹویٹ میں صدر نے کہا کہ شمالی کوریا نے حال ہی میں چھوٹے ہتھیاروں کے تجربات کئے ہیں۔ ان کے بقول امریکی انتظامیہ کے کچھ لوگوں کو اس پر تشویش ہے تاہم انہیں کوئی پریشانی نہیں۔

صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کو وعدے یاد دلاتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ میرے(صدر ٹرمپ) کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی پاسداری کریں گے۔

رواں سال کے آغاز میں صدر ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے ساتھ ویتنام میں ملاقات کی تھی جو کسی معاہدے پر منتج نہیں ہو سکی تھی۔

شمالی کوریا کے حالیہ میزائل تجربات کو ٹرمپ انتظامیہ کے کچھ لوگوں نے اشتعال انگیزی قرار دیا ہے۔ تاہم صدر ٹرمپ شمالی کوریا کے رہنما کے ساتھ اپنے ذاتی تعلقات کا بھرم رکھتے رہے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY