آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے 17 ویں میچ میں آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کے خلاف اپنی اننگز میں 307 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آسٹریلیا جیسی بڑی اور تجربہ کار ٹیم مقررہ 50 اوورز بھی پورے نہیں کھیل سکی۔

میچ کے آغاز پر پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور آسٹریلیا کو بیٹنگ کا موقع دیا۔ میچ کاؤنٹی گراؤنڈ ٹاؤنٹن میں کھیلا جا رہا ہے۔

آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز آرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے کیا۔ دونوں نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی اور گراؤنڈ کے چاروں طرف اسٹروکس کھیلتے ہوئے اسکور کو 146 رنز تک لے گئے تاہم اسی اسکور پر فنچ کو محمد عامر نے محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔

آسٹریلیا کی دوسری وکٹ محمد حفیظ کو ملی۔ اسمتھ نے ابھی 10 رنز ہی بنائے تھے کہ انہیں آصف علی نے کیچ کر لیا۔

تیسری وکٹ میکسوئل کی گری جنہیں شاہین شاہ آفریدی نے 20 کے اسکور پر بولڈ کر دیا۔ ادھر وارنر سنچری بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے 107 رنز بنائے اور انہیں بھی شاہین نے کیچ کرا دیا۔

میکسوئل کی جگہ مارش کھیلنے آئے جب کہ عثمان خواجہ اسی دوران پانچویں وکٹ کی صورت میں محمد عامر کی بال پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔

جب ٹیم کا اسکور 288 رنز ہوا تو مارش 23 رنز بنا کر محمد عامر کا شکار بن گئے، ان کا کیچ شعیب ملک نے لیا۔

ناتھن کولٹر۔نائل دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ آٹھویں وکٹ کومنز کی گری۔ ان کا اسکور 2 رنز تھا۔ انہیں حسن علی نے آؤٹ کیا۔

نویں وکٹ کیرے کی گری جنہوں نے 20 رنز اسکور کئے۔

49 ویں اوور میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 307 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ آؤٹ ہونے والے آخری کھلاڑی اسٹارک تھے جنہوں نے تین رنز بنائے جب کہ رچرڈسن ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ پانچ وکٹ محمد عامر نے لیے جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے 2 اور حسن علی، وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ لی۔

کپتانوں نے کیا کہا؟
ٹاس جیت کر کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم پچھلا میچ نہیں کھیل سکے لیکن ہم نے اس میچ کے لیے خوب محنت کی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پچ پر گھاس اور نمی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

ادھر آسٹریلوی کپتان کا کہنا ہے کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے بولنگ کرتے۔

SHARE

LEAVE A REPLY