آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کے سترہویں میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 41 رنز سے ہرادیا۔
آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جیت کے لئے 308 رنز کا ہدف دیا جواب میں پاکستان کی پوری ٹیم 45 اعشاریہ 4 اوورز میں 266 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز اچھا آغاز نہ دے سکے اور فخر زمان بغیر کھاتہ کھولے پیٹ کومنز کی گیند پر رچرڈسن کو باؤنڈری لائن پر کیچ دے بیٹھے۔
فخرزمان کے آؤٹ ہونے کے بعد امام الحق کا ساتھ دینے کے لئے بابر اعظم میدان میں اُترے اور دونوں بیٹسمینوں نے پراعتماد انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا۔56 کے اسکور پر 7 دلکش چوکے لگانے والے بابر اعظم 30 رنز بناکر کولٹر نائل کا شکار بن گئے۔
امام الحق نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی، وہ 53 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
محمد حفیظ 46 رنز بناکر فنچ کی گیند پر اسٹارک کو کیچ دے بیٹھے، اس وقت ٹیم کا مجموعی اسکور 145 رنز تھا۔
ابھی اسکور میں صرف ایک رن کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ نئے آنے والے بیٹسمین شعیب ملک بغیر کھاتہ کھولے کومنز کی گیند پر وکٹ کیپر کیرے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
آصف علی بھی آسٹریلوی بولرز کا جم کر سامنا نہ کرسکے اور صرف پانچ رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔
حسن علی نے دھواں دار بیٹنگ کرتے ہوئے 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے صرف 15 گیندوں پر 32 رنز بنائے، وہ زور دار چھکا لگانے کی کوشش میں رچرڈسن کی گیند پر عثمان خواجہ کو باؤنڈری لائن پر کیچ دے بیٹھے۔
نئے آنے والے بیٹسمین وہاب ریاض نے کپتان سرفراز احمد کا بھرپور ساتھ دیا اور کئی عمدہ اسٹروک کھیلے، وہ 39 گیندوں پر تین چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 45 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
یہ ورلڈ کپ مقابلوں میں نویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے کسی بھی پاکستانی بیٹسمین کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔
آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سرفراز تھے جو رن لینے کی کوشش میں 40 کے اسکور پر اپنی وکٹ گنوابیٹھے۔
یوں پاکستان کی پوری ٹیم 266 رنز بناسکی اور آسٹریلیا نے میچ جیت کر دو پوائنٹس حاصل کرلئے۔












