جنوبی امریکا میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن

0
707

جنوبی امریکا میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے نتیجے میں ارجنٹائن اور یوروگوئے سمیت کئی ممالک تاریکی میں ڈوب گئے۔

امریکی خبررساں ادارے ’ اے پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بڑے پیمانے پر بجلی کی بندش کے نتیجے میں ارجنٹائن اور یوروگوئے میں ملک گیر سطح پر بجلی کی سپلائی معطل ہوئی جبکہ چلی اور برازیل کے کچھ علاقے متاثر ہیں۔

تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ بریک ڈاؤن کے نتیجے میں کتنے افراد متاثر ہوئے جنوبی امریکی ممالک کی مجموعی آبادی ساڑھے 4 کروڑ سے زائد ہے۔

ارجنٹائن کے سیکریٹری برائے توانائی نے کہا کہ بجلی کا بریک ڈاؤن مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجے اہم نظام میں خرابی کی وجہ سے ہوا۔

انہوں نے کہا کہ نظام کی خرابی سے متعلق تحقیقات جاری ہیں جن کا تعین اب تک نہیں کیا گیا۔

ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس کے شہری نے کہا کہ ’ اگر آج چھٹی کا دن نہیں ہوتا تو افراتفری کی صورتحال پیدا ہوجاتی۔

ایک اور شخص نے کہا کہ ’ بعض مرتبہ گرمیوں میں بجلی کی طلب میں اضافے کی وجہ سے کبھی کبھار لائٹ نہیں ہوتی لیکن ملک گیر سطح پر اتنا بڑا بریک ڈاؤن کبھی نہیں ہوا، میں نے ایسا پہلے کبھی نہیں دیکھا‘۔

ارجنٹائن کی توانائی کمپنی ایڈسیور نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ ’ بجلی کی بحالی کا کام شروع ہوچکا ہے اور تقریبا 2 لاکھ 90 ہزار صارفین تک بجلی فراہم کردی گئی ہے جن میں سے کچھ دارالحکومت میں موجود ہیں‘۔

ٹوئٹ میں مزید کہا گیا کہ ملک گیر سطح پر مکمل طور پر بجلی کی بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔

دوسری جانب یوروگوئے کی توانائی کمپنی یو ٹی ای نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ بجلی کے نظام کی بحالی کا کام جاری ہے۔

ٹوئٹ میں کہا گیا کہ ساحلی علاقوں میں بجلی موجود ہے اور ملک گیر سطح پر بحالی کا کام جاری ہے‘۔

یوروگوئے کی کمپنی نے کہا کہ ’ ارجنٹائن کے نیٹ ورک میں گڑبڑ کی وجہ سے بلیک آؤٹ ہو ا جس کی وجہ سےارجنٹائن میں مکمل طور پر اور یوروگوئے کے اکثر علاقوں میں بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی۔

بجلی کے بریک ڈاؤن کی وجہ سے بڑے شہروں میں دکانیں بند ہونے اور پبلک ٹرانسپورٹ کی روانی متاثر ہونے سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا ۔

SHARE

LEAVE A REPLY