بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ملک کی بنجر اور قحط زدہ زمینوں کے لیے پانی ذخیرہ کرنے کو وقت کی ضرورت قرار ديا ہے۔ مودی کا یہ بیان بارشوں کے موسم مون سون کے شروع ہونے سے قبل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مون سون کی بارشوں کا صرف آٹھ فیصد پانی محفوظ کیا جاتا ہے اور اس حجم کو بڑھانا ضروری ہے۔ بھارتی وزیراعظم کے مطابق ملک کو درپیش پانی کے بحران کو حل کرنے کا کوئی فارمولا دستیاب نہیں ہے لیکن بارشوں کے پانی کو ذخیرہ کرنے سے اس صورت حال پر قابو پانا ممکن ہے۔ بھارتی زراعت کے لیے مون سون کی بارشوں کو انتہائی اہم قرار دیا جاتا ہے۔












