گرفتار پاکستان مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کو ریمانڈ کے لئے آج انسداد منشیات عدالت میں پیش کیا جائے گا، ضلع کچہری کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے۔
ضلع کچہری کے اطراف میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند ہے، متعلقہ عدالت کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے، پولیس حکام نے ضلع کچہری کے باہر خاردار تاریں لگا دیں۔
یاد رہے گزشتہ روز انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے گاڑی سے منشیات برآمد ہونے پر مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کو گرفتار کیا تھا۔ وہ لاہور میں اجلاس کی صدارت کیلئے فیصل آباد سے آرہے تھے۔
اے این ایف ترجمان ریاض سومرو نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ان کی گاڑی سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد ہوئی، جس پر ان کیخلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق رانا ثنااللہ کو بہت سے شواہد کی روشنی میں گرفتا کیا گیا، اس حوالے سے تحقیقات بھی جلد منظر عام پر لائی جائیں گی۔ رانا ثنا کی گرفتاری سے قبل اے این ایف نے چند منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جس کے بعد رانا ثنااللہ کو حراست میں لیا گیا۔












