پاکستان نےافغان وزیرِ دفاع کی جانب سے امریکی ڈرون حملوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کے استعمال کے الزام پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے افغان وزیر دفاع کے بیان پر سخت رد عمل کا اظہار کیااورکہا کہ کسی ثبوت کے بغیر اس طرح کی قیاس آرائی پر الزامات انتہائی افسوسناک ہیں۔

انھوں نے ان الزامات کوغیرذمہ دارانہ اور سفارتی طرز عمل کے اصولوں کے منافی قراردیا اور کہا کہ پاکستان تمام ممالک کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت پر اپنے عزم کا اعادہ اور ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے زور دیا کہ افغانستان اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے اور افغان عبوری حکومت افغانستان کے بین الاقوامی وعدوں کی تکمیل یقینی بنائے۔

پچھلے ہفتے افغان وزیردفاع ملا یعقوب نے پاکستان پر الزام عائد کیا تھا کہ افغانستان میں امریکی جاسوس طیاروں کے حملوں کے لیے پاکستان کی فضائی حدود استعمال ہوئی تھیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY