سینیٹ کمیٹی نے سعودی عرب کے ولی عہدہ محمد بن سلمان کی جانب سے 6 ماہ قبل سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی سے متعلق وعدہ وفا نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔

دفتر خارجہ نے سینیٹ کمیٹی کو سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں جرمانے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے قید پاکستانیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ سعودی حکام نے گزشتہ 6 ماہ میں کوئی ایک پاکستانی بھی رہا نہیں کیا جو باعث افسوس ہے۔

چیئرمین نے کہا کہ حکومت پاکستان نے قیدیوں سے متعلق تفصیلات سعودی حکام کو فراہم کی اور متعدد مرتبہ یاددہانی بھی کرائی گئی۔

مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ ہم سعودی ولی عہد کے وعدے پر پاکستانیوں کی رہائی کے لیے بہت پُرامید تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم امید کرتےہیں کہ حکومت مذکورہ معاملہ اعلیٰ سطح پر دوبارہ سعودی حکومت سے زیر بحث لائےگی۔

واضح رہے کہ رواں برس فروری میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے اور اپنے دور میں انہوں نے عمران خان کی درخواست پر سعودی عرب میں قید 2 ہزار سے زائد قیدیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا تھا۔

اپوزیشن نے اپریل میں پاکستانی قیدیوں کی رہائی میں تاخیر پر خدشات کا اظہار کیا تھا۔

وزارت خارجہ امور کے ایڈیشنل سیکریٹری محمد ندیم خان نے کمیٹی کو بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے مئی میں کیے گئے دورے پر سعودی ولی عہد کو اپنے وعدے سے متعلق یاددہانی کرائی تھی۔

SHARE

LEAVE A REPLY