آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے 43ویں میچ میں پاکستان نے بنگلادیشن کو 316رنز کا ہدف دے دیا۔
لارڈز کے تاریخی میدان پر سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،گرین شرٹس نے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹ 315رنز بنائے۔
گرین شرٹس کی طرف سے امام الحق100، بابراعظم 96 اور عماد وسیم 43رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ23کے اسکور پر گری، فخر زمان صرف 13رنز بناکر سیف الدین کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔
دوسری وکٹ پر امام الحق اور بابر اعظم نے 157رنز کی شاندار شراکت قائم کی،اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے کئی دلکش اسٹروکس لگائے اور اپنی اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔
180کے اسکور پر بابر اعظم نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے،96رنز بنانے والے بیٹسمین کو دوسری سنچری سے صرف 4رنز کی دوری پر سیف الدین نے اپنا دوسرا شکار بنایا،انہوں نے اننگز کے دوران 11چوکے لگائے۔
تیسری وکٹ 42ویں اوورز میں 246کے اسکور پر اوپنر امام الحق کی گری، جو سنچری مکمل کرتے ہی مستفیض الرحمن کی گیند پر ہٹ وکٹ ہوگئے،انہوں نے گیند کو 7بار بائونڈری لائن کے پار کیا۔
248کے اسکور پر محمد حفیظ 27رنز بناکر ایک بار پھر بائونڈری لائن پر کیچ آئوٹ ہوئے، ان کی وکٹ مہدی حسن کے حصے میں آئی۔
255کے مجموعے پر گرین شرٹس کے حارث سہیل صرف 6رنز بناکر مستفیض الرحمٰن کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔
گرین شرٹس کی چھٹی وکٹ 288 کے اسکور پر وہاب ریاض کی گری جو 2رنز بناکر سیف الدین کی تیسری وکٹ بن گئے،اگلے اوور میں مستفیض الرحمٰن نے شاداب خان کو 1رنز پر پویلین کی راہ دکھائی۔
آخری اوور میں گرین شرٹس کے آٹھویں آئوٹ ہونے والے بیٹسمین عماد وسیم تھے، جو 314 کے اسکور پر 43رنز بناکر مستفیض الرحمٰن کی چوتھی وکٹ بن گئے، اگلی گیند پر بنگلادیشی بولر نے 8رنز بنانے والے محمد عامر کی وکٹ بھی اپنے نام کرلی۔
کپتان سرفراز 3 اور شاہین شاہ آفریدی صفر رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔
بنگلادیش کی طرف سے مستفیض الرحمٰن نے 5، سیف الدین نے 3 اور مہدی حسن نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔












