امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ان کے ملک کی جانب سے منگل کے روز لبنانی حزب اللہ کے دو سرکردہ رہنماؤں کے خلاف پابندیاں دراصل لبنان میں حزب اللہ کے قابل نفرت اثر ونفوذ کا مقابلہ کرنے کی امریکی کوششوں کا حصہ ہے۔

اپنے ٹویٹر پیغام میں امریکی وزیر خارجہ نے واشنگٹن کے حلیفوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حزب اللہ کے تمام سیاسی اور عسکری ونگز کو دہشت گرد تنظیم قرار دیں۔

درایں اثنا امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ نے لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے مزید تین کارکنان پر پابندیاں عاید کردی ہیں۔ ان میں لبنانی پارلیمان کے دو منتخب ارکان بھی ہیں۔ ان پر اپنا اثر ورسوخ بروئے کار لاتے ہوئے حزب اللہ کی سیاسی ومالی معاونت کا الزام عاید کیا گیا ہے۔

امریکا کے محکمہ خزانہ نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ حزب اللہ کی سیاسی اور سکیورٹی کی شخصیات کو اپنے عہدوں سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے تنظیم کے ضرررساں ایجنڈے کی معاونت اور ایران کے آلہ کار کا کردار ادا کرنے پر دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ خزانہ نے لبنانی پارلیمان کے جن دو ارکان پر پابندیاں عاید کی ہیں، ان کے نام امین شری اور محمد حسن رعد ہیں۔ان کے علاوہ شیعہ ملیشیا کےایک سکیورٹی عہدے دار وفیق صفا بھی امریکا کی ان نئی پابندیوں کی زد میں آگئے ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY