پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن قیادت ڈرنے والی نہیں، تحریک شروع کر دی ہے، حکمرانوں کے دماغ درست نہ ہوئے تو ان کو جانا ہوگا۔

لاہور میں سابق صدر آصف علی زرداری کی 64 ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب میں قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نیب کی تحویل میں ہیں، مگر ہمارے لیے یہ حراست۔ ان کیلئے یہ رویے نئے نہیں، ان پر پہلے بھی بے بنیاد کیس بنے، مگر وہ باعزت بری ہوئے۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہمارے بارے میں پراپیگنڈہ کیا جاتا ہے کہ ہم شاید کوئی ریلیف یا این آر او مانگ رہے ہیں، ایسے طعنے دینے والے سن لیں کہ ہم نے ماضی میں بھی این آر او سے کوئی فائدہ لیا نہ ریلیف اٹھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق صدر نیب کیسز میں تعاون کر رہے تھے، ان کی گرفتاری کا اس کے سوا کوئی مقصد نظر نہیں آتا کہ حکمران اپنی انا کی تسکین چاہتے ہیں۔ آصف علی زرداری کو گرفتار کرکے بلاول بھٹوزرداری اور پیپلز پارٹی کو دباؤ میں نہیں لایا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کنٹینر دینے کی پیشکش کرنے والے ہمارے پرامن احتجاج کو برداشت کرنے کو تیار نہیں، ایسی حرکتیں حکومت کو بچا نہیں سکتیں، انھیں جانا پڑ سکتا ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY