سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا ہے کہ میری والدہ کو اپنے شوہر اور بیٹی مریم نواز کی گرفتاری کا علم نہیں ہے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو میں حسین نواز نے اپنی والدہ کی طبعیت کے بارے میں بتایا کہ بیگم کلثوم نواز کی صحت میں بہتری آ رہی ہے، مگر وہ ہوش میں نہیں آئیں، وہ دن میں ایک دو بار آنکھیں کھولتی ہیں اور ان کی آنکھوں میں آنسو ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کو اپنے شوہر اور بیٹی کی گرفتاری کا علم نہیں ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل حسین نواز نے کچھ روز قبل بتایا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کی حالت میں بہتری آئی ہے، میری والدہ نے آنکھیں کھولی ہیں، انھیں دعاؤں کی ضرورت ہے۔

حسین نواز نے بتایا تھا کہ کافی دنوں سے وینٹی لیٹر کو کم اور دواؤں میں تبدیلی کی جا رہی تھی، جن کے مثبت اثرات سامنے آئے، میری والدہ کو ایک ماہ بعد ہوش آ گیا اور انہوں نے آنکھیں کھولیں۔

ادھر مریم نواز شریف نے بھی پاکستان روانگی سے قبل اپنی والدہ کی صحت کے بارے میں ٹویٹ کرتے ہوئے بتایا کہ امی کو ابھی تک ہوش نہیں آیا، وہ اب بھی وینٹی لیٹر پر ہیں۔ 30 دنوں میں پہلی بار امی نے چند لمحوں کے لئے آنکھیں کھولیں، ہم نہیں جانتے کہ انہوں نے ہمیں دیکھا یا موجودگی کو محسوس کیا، والدہ کو ہوش نہیں آیا لیکن انہوں نے آنکھیں جھپکائی ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY