برازیل کی شمالی ریاست پارا کی التمیرا جیل میں قیدیوں کے2 گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 52 قیدی ہلاک ہوگئے۔
برازیل کے مقامی میڈیا کے مطابق قیدیوں کے ایک گروپ نے جیل کے ایک حصے میں مخالف گروپ کے قیدیوں پر حملہ کیا اور یہ تصادم 5 گھنٹے تک جاری رہا۔
حکام کے مطابق قیدیوں نے لڑائی کے دوران 2 جیل افسران کو یرغمال بھی بنایا تاہم بعد میں انہیں رہا کردیا گیا۔
یاد رہے کہ برازیل کی جیلوں میں قیدیوں کی آپس میں لڑائی غیر معمولی بات نہیں ہے اور وہاں اکثر ایسے واقعات پیش آتے رہتے ہیں جس کی سب سے بڑی وجہ جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کا ہونا ہے۔
برازیل قیدیوں کی تعداد کے حوالے سے دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں مختلف جیلوں میں 7 لاکھ افراد قید ہیں۔












