پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کی مجوزہ تاریخوں سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو آگاہ کر دیا ہے۔

سری لنکا کی ٹیم اس مجوزہ دورے میں دو ٹیسٹ میچز کھیلے گی جس کے لیے پی سی بی نے اکتوبر کی تاریخیں تجویز کی ہیں۔

پاکستانی کے ذرائع ابلاغ کے مطابق پی سی بی نے سری لنکا کو لاہور اور کراچی میں ایک، ایک ٹیسٹ میچ کھیلنے کی پیشکش کی ہے۔

پہلا ٹیسٹ میچ یکم اکتوبر سے 5 اکتوبر تک کراچی جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ 9 اکتوبر سے 13 اکتوبر تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔

ان ٹیسٹ میچز کے لیے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کی غرض سے سری لنکا کا چار رکنی سیکورٹی وفد ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہے۔

اس دورے سے واپسی پر وفد سری لنکن کرکٹ بورڈ کو اپنی سفارشات پیش کرے گا جس کے بعد ہی سری لنکن حکام اپنی کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے یا نہ بھیجنے کا فیصلہ کریں گے۔

بدھ کو سری لنکن وفد نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کر کے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ جمعرات کو وفد کی لاہور میں پنجاب کے سیکورٹی حکام سے ملاقات اور قذافی اسٹیڈیم کا دورہ طے ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY