سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج کے لیے بنائے گئے میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے طبی ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے، دل کے حوالے سے چیک اپ کے لیے پی آئی سی کو بھی پیغام بھجوادیا گیا ہے ۔
نواز شریف کے طبی معائنے کے لیے بنے میڈکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک گھنٹے تک سابق وزیراعظم کے طبی ریکارڈ کامعائنہ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کے بلڈ پریشر، شوگر ٹیسٹ کیے گئے ہیں، جبکہ ریڈیو لوجیکل ٹیسٹ جن میں الٹرا ساؤنڈ سمیت دیگر ٹیسٹ شامل ہیں آج کیے جائیں گے،
ڈاکٹر محمود ایاز کے مطابق ٹیسٹوں کی رپورٹ آنے کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا، ادویات کی تبدیلی کی ضرورت پڑی تو وہ بھی کی جائے گی۔












