چینی نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید 3 سال کے لیے آرمی چیف مقرر کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں پاک فوج کا غیر معمولی سربراہ قرار دیا۔
سرکاری خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کی رپورٹ کے مطابق چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاک فوج، جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں خطے میں امن و استحکام سمیت پاکستان کی خودمختاری اور سیکیورٹی کو برقرار رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
میڈیا کو دی گئی بریفنگ کے دوران چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید 3 سال کے لیے تقرر کیے جانے کے فیصلے پر بھی گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ ‘ہم نے پاکستانی حکومت کے اس فیصلے کو دیکھا ہے اور جنرل باجوہ پاک فوج کے غیر معمولی سربراہ ہیں’۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ، چینی حکومت اور فوج کے مخلص اور پرانے دوست ہیں جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات میں ان کا کردار ہمیشہ مثبت رہا ہے۔
واضح رہے کہ 19 اگست کو وزیراعظم آفس سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے موجودہ مدت مکمل ہونے کے بعد سے جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید 3 سال کے لیے آرمی چیف مقرر کردیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ آرمی چیف کی مدت میں توسیع کا فیصلہ علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال کے تناظر میں کیا گیا۔
خیال رہے کہ 29 نومبر 2016 کو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت مکمل ہونے کے بعد ان کی جگہ پاک فوج کی قیادت سنبھالی تھی، انہیں اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے فوج کا سربراہ تعینات کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی سول حکومت کی تاریخ میں دوسری مرتبہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی گئی ہے۔












