پاکستان کے چار کھلاڑیوں کو اولمپک میں شرکت کے لیے وائلڈ کارڈ انٹری مل گئی ہے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری خالد محمود اہم دورے پر جاپان پہنچ گئے ہیں اس موقع پر جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خالد محمود نے بتایا کہ پاکستان کے چار کھلاڑیوں کو اولمپک میں شرکت کے لیے وائلڈ کارڈ انٹری مل گئی ہے جس میں دو کھلاڑی سوئمنگ کے لیے جبکہ دو کھلاڑی ایتھلیٹ کے طور پر اولمپک مقابلون میں شریک ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ ہم شوٹنگ سمیت کئی اور مقابلوں میں بھی کوالیفائی کرلیں گے۔
خالد محمود نے کہا کہ پاکستان کو جوڈو میں بھی کافی اُمید تھی لیکن جاپان میں مقیم شاہ حسین شاہ شاید مطلوبہ معیار پر پورے نہیں اُتر پائیں گے اور اولمپک مقابلوں سے باہر ہوجائیں گے۔
خالد محمود نے کہا کہ انہیں جاپان اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے دعوت دی گئی ہے یہاں ہونے والی کانفرنس اور سیمینار میں اب تک جاپان کی جانب سے اولمپک کی تیاریوں کے حوالے سے بریف کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں سیکریٹری اولمپک ایسوسی ایشن نے کہا کہ جاپان میں سفارتخانہ پاکستان اور سفیر پاکستان امتیاز احمد ہی ہمارے سرکاری نمائندے ہوں گے۔












