لاڑکانہ کے ڈینٹل کالج کے ہاسٹل میں فائنل ائیر کی طالبہ نمرتا کی پراسرار موت کو ایک ہفتہ گزر گیا لیکن اب تک حقائق سامنے نہیں آسکے کہ واقعہ خودکشی تھا یا قتل، پولیس نے کیس میں ایک اور ساتھی طالبہ کا بیان ریکارڈ کرلیا ہے۔
پولیس نے نمرتا کی روم میٹ گیتا کا بیان ریکارڈ کرلیا، گیتا نے پولیس کواپنے بیان میں کہا کہ 16ستمبرکودروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئےتونمرتاکی دوپٹے سے پھندا لگی لاش دیکھی۔
گیتا نے کہا کہ چھوٹی قینچی سے دوپٹہ کاٹنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہ ہوئی جس پر پھندے کو دانتوں سے کھولا۔ پولیس کو کمرے کے معائنے کے دوران چھوٹی قینچی بھی بیڈ پر پڑی ملی تھی۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک ورثاء نے ایف آئی آردرج نہیں کرائی ہے جس پر نمرتا کے بھائی وشال سے دوبارہ رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
آنجہانی نمرتا کے ورثاء نے ایف آئی آر درج کرانے سے انکار کردیا
نمرتا کے دونوں کلاس فیلوز پولیس کی حراست میں ہیں۔ نمرتا کا موبائل فون اب تک نہیں کھولاجاسکا ہے۔
پولیس کاکہنا ہے کہ نمرتا کےموبائل سے زیادہ کالز مہران ابڑو کو کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل نمرتا کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ اپنے ساتھی کلاس فیلوز مہران ابڑو اور شان علی کے ساتھ گفتگو میں مصروف تھیں۔
اس وڈیو میں تینوں کے درمیان ماحول تلخ محسوس ہورہا تھا، وہ ویڈیو مبینہ طور پر 13 ستمبر کی تھی جبکہ 2روز بعد 16ستمبر کو نمرتا کی لاش اس کے کمرے سے بازیاب ہوئی تھی۔












