قومی ادارہ صحت ( این ایچ ایس) کی رپورٹ کے مطابق رواں برس وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کے 2777 کیسز سامنے آئے ہیں۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے 7 رہائشی افراد ڈینگی کے باعث جاں بحق ہوئے جبکہ ملک بھر میں اب تک ڈینگی کے 16 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ وزارت صحت پُرامید ہے کہ درجہ حرارت میں کمی سے کیسز میں کمی آئے گی لیکن کوشش کی جارہی ہے کہ ہر مریض کو ہسپتال میں بستر کی فراہمی یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

سیکریٹری این ایچ ایس ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے ڈان کو بتایا کہ مریضوں کو بستر کی دستیابی کے لیے نجی ہسپتالوں میں ایک ہزار بستر خالی کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ صحت سہولت پروگرام کے چیف ایگزیکٹو افسر (سی ای او) ڈاکٹر فیصل رفیق کو نجی ہسپتالوں سے تعاون کے لیے مقرر کیا گیا ہے جن میں ترامری روڈ پر ایچ بی ایس جنرل ہسپتال، بھارہ کہو میں اکبر نیازی ہسپتال، فراش ٹاؤن میں النفیس ہسپتال، لہترار روڈ پر ڈاکٹر صدف اسپیشلسٹس ہسپتال اور العین ہسپتال شامل ہیں۔

سیکریٹری این ایچ ایس نے مزید کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں ڈینگی کی وبا پر قابو پانے کے لیے تمام کوششیں کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں تمام وسائل کا استعمال کیا جارہا ہے۔

انہوں نے اعلیٰ سیاسی اور پیشہ ورانہ سطحوں پر اس حوالے سے مکمل تعاون موجود ہے، محکمہ صحت کے ضلعی دفتر میں ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ڈینگی کا کیس رجسٹر ہونے پر تمام ضروری وسائل مہیا کرے گی۔

ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے کہا کہ اس حوالے سے ایک ریپڈ رسپونس ڈینگی کنٹرول اور آپریشن ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’ اسلام آباد کے تمام 5 ہسپتالوں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز، فیڈرل گورنمنٹ پولی کلینک، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ریہیبلیشن میڈیسن ، فیڈرل جنرل ہسپتال اور کیپٹل ہسپتال میں ہائی الرٹ ہے‘۔

سیکریٹری این ایچ ایس نے کہا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ کو روزانہ کی بنیادوں پر اس حوالے سے منعققد اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جاتی ہے تاکہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوششوں کو مضبوط کیا جاسکے، جو اس وقت قابو میں ہے او ر آئندہ ہفتے درجہ حرات میں کمی سے ڈینگی میں کمی کا امکان ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY