اقوامِ متحدہ میں تعینات ہونے والے نئے مستقل مندوب منیر اکرم سابق صدر پرویز مشرف کے دورِ حکومت 2002 سے 2008 تک اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔
بے نظیر بھٹو کے قتل کے بعد اقوامِ متحدہ سے ان کے قتل کی تحقیقات سے متعلق بعض امور پر منیر اکرم کے پیپلز پارٹی کی حکومت سے مبینہ طور پر اختلافات پیدا ہوئے تھے جس کے بعد اُنہیں اس عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔
منیر اکرم کی تعیناتی کے اعلان کے فوراً بعد اُن کے خلاف بھی سوشل میڈیا پر چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں۔
سوشل میڈیا پر سال 2003 میں ان کی ایک مبینہ گرل فرینڈ کی طرف سے ان کے خلاف تشدد کے الزامات کے تحت دائر کیے جانے والے کیس کا بھی حوالہ دیا جا رہا ہے۔ بعض حلقوں کا کہنا ہے کہ اس کیس میں اُنہیں حاصل سفارتی استثنیٰ کے باعث کوئی کارروائی نہیں کی گئی تھی۔













