کیتھولک مسیحیوں کے پیشوا پوپ فرانسس نے ہتھیار بنانے اور خریدنے والے ملکوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہتھیار بنانے والی ریاستیں دنیا بھر میں ہجرتوں کا سبب ہیں اور وہی مہاجرین کو قبول کرنے سے انکاری ہیں۔
تارکینِ وطن اور پناہ گزینوں کے عالمی دن پر ایک تقریب سے خطاب میں پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ ہتھیار بنانے والی ریاستیں دنیا بھر کی خانہ جنگیوں میں اسلحہ بیچتی ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ خانہ جنگیوں کی ہی وجہ سے لوگ اپنا وطن چھوڑنے پر مجبور ہوتے ہیں، دنیا کے جن خطوں میں بھی خانہ جنگی ہے، ان میں استعمال ہونے والے ہتھیار کہیں اور بنتے ہیں۔
واضح رہے کہ پوپ فرانسس پہلے بھی امریکی صدر اور مہاجرین مخالف یورپی سیاستدانوں کی پالیسیوں سے اختلاف کرتے رہے ہیں۔












