امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خلاف مواخذے کی کارروائی کے لیے جاری تفتیش کو ’تختہ الٹنے کی کوشش‘ قرار دیا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان میں صدر ٹرمپ کے یوکرائنی صدر سے ڈیموکریٹ امیدوار کے خلاف کارروائی کے لیے مبینہ طور پر مدد مانگنے کے حوالے سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کو اکثریت حاصل ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ان تحقیقات کے لیے ملکی وزارت خارجہ کے پانچ سفارت کاروں کی طلبی پر شدید اعتراض کرتے ہوئے ڈیموکریٹک پارٹی پر صدر ٹرمپ کو دھمکانے اور انہیں ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس کے برعکس ڈیموکریٹک پارٹی نے پومپیو کے ان بیانات کو تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کا نام دیا ہے۔












