دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھانوکا راجا پکسے کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 183 رنز کا ہدف دے دیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں سری لنکا کے کپتان دسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
مہمان ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا اور 16 کے مجموعی اسکور پر اوشکا فرنینڈو 8 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔
ایسے میں دنشکا گناتھیکالا نے بھانوکا راجا پکسے کا ساتھ دیتے ہوئے ٹیم کا اسکور 41 رنز تک پہنچایا جہاں وہ 15 رنز بنانے کے بعد عماد وسیم کا شکار بنے۔
تیسری وکٹ کی شراکت میں شیہان جےسوریا اور بھانوکا راجا پکسے نے 94 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کو بڑے ہدف کی جانب گامزن کیا۔
شیہان جے سوریا نے 34 رنز کی اننگز کھیلی اور 135 کے مجموعی پر آؤٹ ہوگئے تاہم نمایاں کارکردگی بھانوکا راجا پکسے کی رہی جنہوں نے 6 بلند و بالا چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کا اسکور 142 رنز تک پہنچایا جہاں وہ شاداب خان کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔
سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔
پاکستان کی جانب سے عماد وسیم، شاداب خان اور وہاب ریاض نے ایک یک وکٹ حاصل کی۔
دوسرے ٹی ٹوئنٹی کے لیے مہمان ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ قومی ٹیم 2 تبدیلیوں کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔
آل راؤنڈر افتخار احمد اور فہیم اشرف کی جگہ اوپنگ بیٹسمین فخر زمان اور فاسٹ بولر وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 64 رنز سے شکست دے دی تھی۔
اس فتح کے ساتھ ہی سری لنکا نے نہ صرف اس دورے میں پہلی کامیابی سمیٹی بلکہ 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں 0-1 کی برتری بھی حاصل کرلی۔












