جرمنی اپنے ہتھیاروں کی برآمدات کے حوالے سے ممکنہ طور پر اس سال ایک نیا ریکارڈ قائم کر دے گا۔ جرمن اسلحے کی برآمدات میں پچھلے برس کے مقابلے میں سال رواں کے پہلے نو ماہ کے دوران پچھہتر فیصد اضافہ دیکھنے میں آ چکا ہے۔
نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق یہ بات جرمن حکومت کی طرف سے وفاقی پارلیمان میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں بتائی گئی۔ اس سال جنوری سے ستمبر تک دفاعی شعبے میں جرمن برآمدات کی مالیت تقریباﹰ چھ اعشاریہ چار بلین یورو ہو چکی تھی۔
اندازہ ہے کہ اس سال ایسی برآمدات کی مجموعی مالیت کا وہ ریکارڈ ٹوٹ جائے گا، جو دوہزار پندرہ میں قائم ہوا تھا۔ تب ان برآمدات کی سالانہ مالیت سات اعشاریہ نو بلین یورو کے قریب رہی تھی۔












