امریکہ کے صدر جو بائیڈن اور ان کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے خلاف رشوت وصول کرنے کی جھوٹی کہانی گھڑنے والے ایف بی آئی کے مخبر کو چھ برس قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق امریکہ کے تفتیشی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کے مخبر الیگزینڈر سمرنوف کو بدھ کو سزا سنائی گئی ہے۔
الیگزینڈر سمرنوف ایف بی آئی کو جھوٹی معلومات فراہم کرنے اور ٹیکس کی عدم ادائیگی کے لیے اپنی آمدن چھپانے کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ انہوں نے گزشتہ ماہ لاس اینجلس کی ایک وفاقی عدالت میں اعترافِ جرم کر لیا تھا۔
الیگزینڈر سمرنوف امریکہ اور اسرائیل کی دوہری شہریت کے حامل ہیں۔ انہوں نے ایف بی آئی کے اپنے ہینڈلر کے سامنے یہ جھوٹا دعویٰ بھی کیا تھا کہ 2015 میں جب جو بائیڈن امریکہ کے نائب صدر تھے تو انہیں اور ان کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کو یوکرین کی توانائی کمپنی ’برزما‘ کے اعلیٰ حکام نے 50، 50 لاکھ ڈالر رشوت دی تھی۔
پراسیکیوٹر کے مطابق الیگزینڈر سمرموف نے یہ جھوٹا دعویٰ 2020 کے صدارتی انتخابات کے دوران ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن کے بارے میں اپنے ’تعصب‘ کے اظہار کے طور پر کیا تھا۔
بائیڈن اور ان کے بیٹے ہنٹر بائیڈن کے خلاف رشوت وصولی کی جھوٹی کہانی گھڑنے کے معاملے پر پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ رشوت وصولی کی جعلی اسکیم 2020 کے صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش تھی۔













