پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) میں میچ فکسنگ کی خبریں سامنے آنے پر سابق کپتان عمران خان بھی خاموش نہ رہ سکے اور انھوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیئرمین نجم سیٹھی کو سخت تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں نجم سیٹھی کو ‘الیکشن فکسر’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سے اس معاملے کی تحقیقات کرانا ایک ‘مذاق’ ہوگا۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ فکسنگ سے زیادہ بڑا جرم الیکشن فکسنگ ہے ۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گذشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت اسلام آباد یونائیٹڈ کے شرجیل خان اور خالد لطیف کو مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے عبوری طور پر معطل کرکے ایونٹ سے باہر کردیا تھا۔

جس کے بعد مزید کھلاڑیوں سے بھی تحقیقات کی گئیں، جن میں محمد عرفان، شاہ زیب حسن اور ذوالفقار بابر شامل ہیں تاہم انھیں معطل نہیں کیا گیا اور وہ پی ایس ایل میں کھیل جاری رکھیں گے۔

SHARE

LEAVE A REPLY