گاڑی کی ایجاد کے بعد سب سے طویل فاصلے تک ڈرائیونگ کا سہرا کسی مرد کے سر نہیں بلکہ ایک جرمن خاتون کے سر جاتا ہے، جس کا نام برتھا رینجر تھا جو بعد ازاں برتھا بنز کےنام سے مشہور ہوئیں۔ العربیہ ڈاٹ نیٹ میں چھپنے والی دلچسپ رپورٹ کے مطابق برتھا بنز نے یہ کارنامہ 1888ء میں سر انجام دیا تھا۔ انہوں نے 106 کلومیٹر تک طویل گاڑی چلا کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ یہ تاریخی واقعہ 5 اگست 1888ء کو پیش آیا جب جرمن نژاد خاتون برتھا نے اپنے بیٹوں یوجین اور رچرڈ کو ساتھ لیا، انہیں گاڑی میں بٹھایا اور مینھیم شہر میں قائم اپنی رہائش گاہ سے پفورزیم شہر کی طرف چل پڑیں جو اس کا آبائی شہر تھا۔ وہ گاڑی چلا کر وہاں اپنے رشتہ داروں کے پاس پہنچ گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تاریخ میں درج ہے کہ برتھا بنز کے شوہر کارل بنز پہلے انجینیر ہیں جنہوں نے ایندھن سے چلنے والا انجن ایجاد کیا تھا۔ یوں 1885ء میں پہلی گاڑی وجود میں آئی جسے ’بنز پٹنٹ موٹوروگن‘ کا نام دیا گیا۔ تیاری کے بعد بھی یہ کار ایک سال تک اس کے گیراج میں رہی، لیکن برتھا بنز اسے چلا کر دنیا کی پہلی خاتون ڈرائیور کا اعزاز حاصل کیا۔













