وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے این ٹی ایس پاس کنٹریکٹ ٹیچرز کو ریگولر کرنے کی منظوری دی جس کی ریگولیشن اسمبلی ایکٹ کے ذریعے کی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ ایجوکیشن پرفارمنس بل بھی منظور کرایا جائے گا۔ جس کے ذریعے سندھ کے تعلیمی شعبے میں بڑے پیمانے پر اصلاحات کی جائیں گی تاکہ صوبے میں تعلیمی معیار بہتر کیا جاسکے۔
اجلاس میں سندھ پولیس رولز 2017 کا ڈرافٹ پیش نہ کئے جانے پر وزیر اعلیٰ سندھ نے ناراضگی کا اظہار کیا جبکہ کابینہ نے وزیر قانون کو 15 یوم کے اندر ڈرافٹ رولز جاری کرنے کا وقت دے دیا۔
کابینہ نے سندھ ویلفیئر اینڈ پریویشن آف کیورلٹی آف اینیمل ایکٹ 2017 کے ڈرافٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیکریٹری وائلڈ لائف آصف حیدر شاہ نے کابینہ کو آگاہی دی کہ اس تجویز کردہ ایکٹ میں جانورں کے ساتھ ظلم یعنی مارنا، پیٹنا، زیادہ وزن رکھنا، خوف زدہ کرنا کے خلاف قانون بنانا ہے۔
جانوروں کو غیر ضروری ٹرانسپورٹیشن میں تکلیف دینا، جانوروں کو آپس میں لڑانا اور شرطیں لگانا اس قانون کا حصہ ہیں۔ کابینہ نے وزیر بلدیات، سیکریٹری وائلڈ لائف، وزیر لائف اسٹاک پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی، یہ کمیٹی رولز ایک ہفتے کے اندر بنائے گی اور ڈرافٹ وزارت قانون کو بھی پیش کیا جائے گا۔
اجلاس کے بعد وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم اور ان کے رشتے داروں کے نام سے موجود تمام عمارتوں کے نام تبدیل کئے جائیں گے۔












