وزیرِ اعظم نے کرتار پور راہدراری کا افتتاح کر دیا

0
962

پاکستان نے ایک اور تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے، سکھ مت کے بانی بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن پر سکھ یاتریوں کے لیے آج سے کرتار پور راہ داری کھول دی، وزیرِ اعظم عمران خان نے کرتار پور راہداری کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے اس سے قبل ایک پیغام میں کہا ہے کہ آج کا دن خطے کے امن کے لیے ہماری کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

بھارت سے سکھ یاتریوں کا وفد پاکستان پہنچا ہے، بھارت کے سابق وزیرِ اعظم من موہن سنگھ، بھارتی پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ ارمندر سنگھ، بھارتی سیاستداں، کانگریس رہنما اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو، اداکار و سیاستداں سنی دیول اور ہزاروں سکھ یاتری کرتار پور راہداراری کی افتتاحی تقریب میں موجود ہیں جن میں خواتین بھی بڑی تعداد میں شامل ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے من موہن سنگھ سے مصافحہ کیا اور ان کی خیریت بھی دریافت کی، ان کے ہمراہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، گورنر پنجاب چوہدری سرور، وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ داخلہ اعجاز شاہ اور دیگر وزراء بھی موجود ہیں۔

سابق بھارتی وزیرِ اعظم من موہن سنگھ کا کہنا ہے کہ آج سکھ برادری کے لیے بہت بڑا دن ہے، راہداری کھولنے سے پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔

وزیرِ اعظم عمران خان اپنے دوست سابق کرکٹر اور بھارتی سیاستداں نوجوت سنگھ سدھو سے بڑی گرم جوشی سے گلے ملے۔

وزیرِ اعظم نے گوردوارہ کرتاپور صاحب کا دورہ کیا اور وہاں انتظامات کا جائزہ بھی لیا، انہوں نے اس موقع پر سر پر صافہ بھی باندھا ہوا ہے۔

بھارتی سیاستداں و سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کا کرتارپور راہدری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ عمران خان وہ سکندر ہیں جنہوں نے کروڑوں سکھوں کے دل جیت لیے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عمران خان جیسے لوگ ہوتے ہیں جو تاریخ بنایا کرتے ہیں، پارٹیشن کے بعد پہلی بار یہ تاریں آج گری ہیں۔

نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ عمران خان آپ کو احساس نہیں کہ سکھ قوم آپ کو کہاں لے جائے گی، آپ نے سکھ قوم کے دلوں کو فتح کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے کسی نفع کے لیے نہیں رب کے واسطے اس راہداری کا افتتاح کیا ہے، کچھ عمران خان جیسے لوگ ہوتے ہیں جو تاریخ بنایا کرتے ہیں۔

سدھو نے یہ بھی کہا کہ سکھوں کی 4 نسلیں اپنےوالد کے گھر آنے کے لیے ترستی رہیں، سکھ قوم کی آواز بن کر بول رہا ہوں، آج جپھی رنگ لے آئی ہے، عمران خان نے جو احسان کیا وہ ناقابلِ فراموش ہے،ان کا دل سمندر ہے۔

آج محبت کی راہدرای کا افتتاح ہے: وزیرٍ خارجہ
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کرتارپورکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ آج کا دن تاریخی ہے، جب تاریخ رقم ہو رہی ہے، محبت کی راہدرای کا افتتاح ہو رہا ہے، اس کا سہرا وزیرِ اعظم عمران خان کو جاتا ہے جنہوں نے انسانیت کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہزاروں کی تعداد میں سکھ کمیونٹی کے لوگ یہاں آئے ہیں، دنیا بھر کے سکھوں کے لیے کرتار پور کھول دیا گیا ہے، بابا گرو نانک نے اپنی عملی زندگی سے خدمت کو فوقیت دی، ہمیں اپنے گریبانوں میں دیکھنا ہے کہ امن کو کہاں سے خطرہ لاحق ہے، پاکستان کی حکومت دو راہداریوں پرکام کررہی ہے، یہ راہداری خیرسگالی کی راہداری ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ کرتار پور صاحب آج دنیا کا سب سے بڑا گوردوارہ بن چکا ہے، موجودہ صدی کو ایشیاء کی صدی کہا جاتا ہے، کاش آج یہ محبت کا پیغام کشمیر کی وادی میں بھی پھیل جائے، ایک معاشی راہداری سی پیک ہے اور دوسری یہ محبت کی راہداری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تبدیلی آ نہیں رہی، تبدیلی آگئی ہے اور کرتار پور اس کا عملی ثبوت ہے، آج پاکستان میں گردوارے آباد ہیں، 400 مندروں کی نشاندہی کر دی گئی ہے، ان کی تزئین نوکی جائے گی،بابا گرونانک کے محبت کے بوئے بیج آپ کو آج یہاں گلدستے کی صورت دکھائی دے رہے ہیں، کرتار پور راہداری تبدیلی کا عملی ثبوت ہے۔

وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے یہ بھی کہا کہ کرتار پور راہداری تبدیلی کا عملی ثبوت ہے، مودی سری نگر کی جامع مسجد کھول دیں تاکہ وہاں کشمیری نمازِ جمعہ پڑھ سکیں، اگر کرتار پور راہداری کھل سکتی ہے تو ایل او سی کی عارضی بندش بھی کھل سکتی ہے۔

وزیرِ مذہبی امور کا تقریب سے خطاب
وزیرِ مذہبی امور نور الحق قادری کا کرتارپور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ قلیل مدت میں کرتار پور راہداری مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بابا گرونانک کی تعلیمات انسانیت کی خیر کے لیے ہیں، بابا گرو نانک نے اپنی زندگی لوگوں میں محبت بانٹنے میں گزاری۔

نورالحق قادری نے کہا کہ نوجوت سنگھ سدھو کو بھی مبارک ہو، انہوں نے وزیرِ اعظم کے کان میں یہ بات کہی تھی، عمران خان نے جو سکھ کمیونٹی کے ساتھ وعدہ کیا وہ انہوں نے پورا کیا، بھارت اور دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہوں۔

SHARE

LEAVE A REPLY