ایٹمی پروگرام پر بے بنیاد، غیر ضروری تبصروں سے گریز کیا جائے: جنرل ندیم رضا

0
698

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ قومی اسٹریٹجک پروگرام پر بے بنیاد اور غیر ضروری تبصروں سے ہر صورت گریز کیا جائے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیت وطن کے دفاع اور سالمیت کی ضامن ہے،نیوکلیئر پروگرام کو عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور ڈپٹی چیرمین نیشنل کمانڈ اتھارٹی جنرل ندیم رضا نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نیوکلیئر صلاحیت مادر وطن کے دفاع اور سالمیت کی ضامن ہے، نیوکلیئر پروگرام کو عوام اور تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے، سول اور ملٹری قیادت اسٹریٹجک پروگرام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

جنرل ندیم رضا نے کہا کہ قومی سیکیورٹی ناقابل تقسیم ہے ، پاکستان اپنے نیوکلیئر پروگرام پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان ذمہ دار اور پراعتماد نیوکلیئر ملک ہے، پاکستان کی پالیسی فل اسپیکٹرم ڈیٹرنس ہے جو کہ قابل اعتماد ایٹمی توازن کے دائرہ کار میں ہے، ہمارا قومی سیکیورٹی اور سیفٹی میکنزم ہر قسم کے خطرے کے خلاف بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی نے زور دیا کہ قومی اسٹریٹجک پروگرام پر بے بنیاد اور غیر ضروری تبصرے سے ہر صورت گریز کیا جائے، صرف نیشنل کمانڈ اتھارٹی ہی اسٹریٹجک پروگرام پر ریسپانس اور تبصرہ دینے کی مجاز ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY