سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بھارت کی مغربی ریاست مہاراشٹرا میں 70 ارب ڈالر کی ریفائنری لگانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

واضح رہے کہ سرمایہ کاری کے یہ نئے اعداد و شمار اس سے قبل اعلان کیے گئے 44 ارب ڈالر سے کہیں زیادہ ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے پی کی رپورٹ کے مطابق 70 ارب ڈالر کے نئے اعداد و شمار متحدہ عرب امارات میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور ابو ظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النہیان کے درمیان گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں سامنے آئے۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان 2018 میں اعلان کیے گئے سرمایہ کاری کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سرمایہ کاری کے ذریعے ریفائنری اور پیٹرو کیمیکلز کمپلیکس تعمیر کیا جانا ہے جہاں بھارتی مارکیٹ کے لیے 6 لاکھ بیرل فی یوم سعودی اور اماراتی خام تیل سپلائی کیا جائے گا۔

سعودی آرامکو اور ابو ظہبی نیشنل آئل کمپنی (ایڈنوک) کے اشتراک سے بننے والے اس منصوبے کے لیے ابھی زمین لی جانی باقی ہے

یاد رہے کہ بھارت کی سرکاری آئل کمپنی سے آرامکو اور متحدہ عرب امارات کی سرکاری کمپنی ابوظہبی نیشنل آئل کمپنی نے گزشتہ برس ایک معاہدہ کیا تھا جس میں ریاست مہاراشٹرا میں 13 لاکھ بیرل روزانہ کی پیداوار کا ایک منصوبہ تھا۔

تاہم ہزاروں کسانوں کی جانب سے زمین دینے سے انکار کرنے پر اس منصوبے پر کام تاخیر کا شکار ہوا تھا جبکہ مہاراشٹرا کی ریاستی حکومت اس منصوبے کو دوسری مقام میں منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کررہی تھی۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے رواں برس فروری میں بھارت کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے کہا تھا کہ اگلے دو برس میں بھارت میں ایک سو ارب ڈالر سرمایہ کاری متوقع ہے۔

SHARE

LEAVE A REPLY