بنگلہ دیش اور افغانستان نے بھارت کے متنازع شہریت ترمیمی ایکٹ (سی اے اے) کی مخالفت کردی۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سابق افغان صدر حامد کرزئی نے بھارتی اخبار دی ہندو سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیا قانون جس میں مسلمانوں کو شامل نہیں کیا گیا ہے اور 3 ممالک کے ہندو، سکھ، جین، بدھ مت، مسیحی اور پارسیوں کو شہریت دینے کا کہا گیا ہے، اسے سب کے لیے ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے افغانستان کی اقلیتوں پر ظلم نہیں کیا، ہم حالت جنگ میں ہیں اور طویل عرصے سے ہمیں تنازعات کا سامنا ہے، افغانستان میں تمام مذاہب بشمول ہمارے 3 بڑے مذاہب مسلمان ہندو اور سکھ کے، سب نے مشکلات کا سامنا کیا ہے’۔
انہوں نے یہ بات دہلی کے دورے کے دوران اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں امید ہے کہ اقلیتوں کے تحفظ کے جذبات بھارت میں بھی نظر آئیں گے’۔
واضح رہے کہ حامد کرزئی کا نئی دہلی کے نظریے کے خلاف رائے دینا اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ وہ دیگر کئی افغان رہنماؤں کی طرح بھارت کے قریبی دوستوں میں سے ایک ہیں اور وہ 1976 کے بعد سے متعدد سال بھارت میں بھی گزار چکے ہیں جبکہ انہوں نے شملہ میں تعلیم بھی حاصل کی تھی۔
بھارتی حکومت کی خطے کی اتحادی بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ نے دبئی کے گلف نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت کے نئے قانون پر تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ یہ قانون ضروری نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے انہیں یقین دہانی کرائی ہے کہ اس سے متعلقہ نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز (این آر سی) کے حوالے سے اقدامات بھارت کے اندرونی معاملات ہیں اور اس سے ان کے لوگوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا تاہم این آر سی کا نفاذ بھارتی ریاست آسام میں کیا گیا تھا اور اسے پورے ملک میں لاگو کرنے کی پیشکش کی گئی ہے جس کے ذریعے مبینہ غیر قانونی بنگلہ دیشی مہاجرین کو ان کے ملک واپس بھیجا جائے گا۔
بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کا کہنا تھا کہ پیش کیا گیا این آر سی کو مسلمان ‘دیمکوں’ کے خاتمے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
ابو ظہبی میں گلف نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ حسینہ کا کہنا تھا کہ ‘ہمیں سمجھ میں نہیں آتا کہ بھارتی حکومت نے ایسا کیوں کیا، یہ ضروری نہیں تھا’۔
بنگلہ دیشی رہنما کی جانب سے متنازع قانون کے سامنے آنے کے بعد یہ پہلا بیان سامنے آیا۔
شیخ حسینہ کا کہنا تھا کہ ‘ان داخلی معاملہ ہے، بنگلہ دیش نے ہمیشہ مانا ہے کہ سی اے اے اور این آر سی بھارت کا داخلی مسئلہ ہے، بھارتی حکوم نے بھی ہمیشہ یہی کہا ہے کہ یہ ان کا داخلہ معاملہ ہے اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اکتوبر 2019 میں میرے نئی دہلی کے دورے کے دوران مجھے ذاتی حیثیت میں بھی اس بات کی یقین دہانی کرائی تھی’۔












