وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ عالمی برادری کشمیریوں سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل یقینی بنائے۔
اسلام آباد میں یومِ یک جہتی کشمیر کی تقریب کے شرکاء نے سرینا چوک سے اقوام متحدہ کے دفتر تک مارچ کیا، شرکائے مارچ سے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے خطاب کیا۔
انہوں نے بتایا کہ شرکاء اقوام متحدہ کے مبصر مشن میں 2 قراردادیں پیش کریں گے، ایک قرار داد بچوں کی طرف سے اقوامِ متحدہ کے مبصرین کو دی جائے گی، یہ قرارداد بچوں پر ہونے والے مظالم کو روکنے کے لیے پیش کی جائے گی، جبکہ دوسری قرار داد دخترانِ پاکستان اقوام متحدہ کے مبصرین کو دیں گی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کھیل کے میدانوں کو فوجی چھاؤنیوں میں بدل دیا گیا ہے، کشمیر کی موجودہ صورتِ حال سامنے لانے میں میڈیا کا کردار اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے کشمیریوں کی آواز اور ترجمان بننے کا تہیہ کر رکھا ہے اور آج وہ آزاد کشمیر کا دورہ کر رہے ہیں۔
معاونِ خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان آج مظفر آباد میں حریت رہنماؤں سے ملاقات کریں گے، جبکہ وہ کشمیر قانون ساز اسمبلی میں بھارتی مظالم پر بات کریں گے۔












