جنگ اور اسکے بعد غم و اندوہ کی فضا ۔شہدا کی یادیں تذکرے
جنگی ترانے ملی نغمے اخبار ریڈیو رسالے انہی تذکروں تبصروں واقعات سے بھرپور۔معاہدہ تاشقند اسے جڑی کی کہانیاں اور بھٹو کی مقناطیسی شخصیت اور فن خطابت کے ساتھ ملکی سیاست میں آمد
ان تمام باتوں کے ساتھ ساتھ رفتہ رفتہ زندگی معمول پر آتی چلی گئی ۔تعلیمی ادارے کھل گئے ۔روشن آرا روشی میری ہم جماعت اور دوست تھی ۔اس کے والد شہر کے اعلٰی پائے کے وکیل اوراندراگاندھی کے ہم جماعت رہے تھے اور غفار خاں اور ولی خان کے ہمنوا ۔یوں تو روشی میری پکی دوست اورہم ذوق تھی ۔مگر سیاسی لحاظ سے بعد المشرقین وہ کانگریس کی حامی ہم مسلم لیگی اس کے پاس بھی کافی مواد ہوتا اور ہمارے گھر بھی روزانہ انجام، شہباز حریت جنگ نواے وقت آیا کرتے ۔سو ہمارے پاس بھی خوب دلائل ہوتے بریک میں ہماری زوردار بحث ہوتی اور باقی لڑکیاں بھی شوق ودلچسپی سے یہ معرکے دیکھتیں اور سنتیں
بریک جسے اس وقت ہم تفریق کہتے اس کے اختتام کے ساتھ ہی سب ختم اورپھر کتابوں افسانوں کہانیوں کی باتیں چھڑ جاتیں
آنہ لائبریری سکول کے راستے میں تھی ۔اوراس کی برکات سے نئ نئ کتابوں سے مستفید ہونے کا موقع ملا ۔بچوں کی کتابیں پڑھتے پڑھتے اچانک گھر سے ایک ناول ہاتھ لگا “کردستان” مصنف کا نام یاد نہیں آریا مگر اس ناول نے کیسی خوشی دی کیسا سرشار کیا یہ بیان سے باہر ہے ۔اچھا ناول ایسے ہوتے ہیں ۔آج ہم نے ناول پڑھا واہ ہم خود سے باتیں کر کر خوشی مناتے رہے پھر تو نسیم حجازی اے آر خاتون کے ضخیم ناول پڑھ ڈالے مگر چھپ چھپاکر کتاب کے اندر رکھ کرکوئی دیکھ لے تو چھپا لینا رومانی ناول رضیہ بٹ وغیرہ کو بعدمیں پڑھا ۔کہ اس زمانے میں ناول پڑھنا بھی معیوب سمجھا جاتا تھا آج کل کی طرح الگ کمروں کی سہولت کہاں تھی بھلا ۔ہرماہ کے آغاز میں رسالے آجاتے جو اخبار کے ساتھ ہاکر دے جاتا ۔8آنےیا12آنے انکی قیمت ہوتی ۔حور زیب النساء بانو یہ سارے رسالے آتے

حور بہت میعاری ماہ نامہ تھا۔یہ سب کچھ پڑھتے پڑھتے قلم سے بھی دوستی کرلی ۔ڈائری باقاعدگی سے لکھنے لگے ۔جنگ اخبار میں بچوں کا صفحہ مضطر اکبر آبادی تر تیب دیتے تھے۔کڑے میعار کے ساتھ یہ ایک بہترین صفحہ تھا۔میں اورروشی باقاعدگی سے کچھ نہ کچھ بھجواتے رہتے۔پھر بےچینی سے انتظار کرتے ۔تنقید و تبصرے کےکالم میں تبصرے ہوں یا اقوال زریں اپنا نام دیکھ کر خوشی سےپھولےنہ سماتے(یہ اخبار آج بھی میرے پاس ہیں )بچپن ولڑکپن کی چھوٹی چھوٹی خوشیوں کے یہ خزانےبھی کیا تھے ۔جو ان کتابوں میں چھپے تھے اور نہاں خانہ ءدل میں رکھے تھے۔
ان خزانوں کا کسی کو کیا پتہ دیتےکہ ان میں کیسے روشن جگنو تھے ۔دھنک رنگ تھے۔رنگا رنگ پھول تھے تتلیاں تھیں اور۔۔۔ کیسی وادیاں تھیں کہ تخیل کے رتھ پر سوارکوہ ودمن کی سیر کرآتے بادلوں میں شبہیں دیکھتے تاروں وچاند سے مکالمہ رہتا۔کتنی ان کہی کہانیوں کے تانے بانے بنتےرہتے ۔خود سے ہمکلام رہتے۔یوں وہ اکیلا پن اور تنہائی جسے پہلے ہم محسوس کرتے اب وہ غباربنکر اڑگی ۔
ہم انجمن سمجھتے ہیں خلوت ہی کیوں نہ ہو
کتابیں تب بھی میری تنہائی کی ساتھی دوست،ہمراز،غم گسار رہنما اور مشیر تھیں اور آج بھی بڑھاپے کی اس منزل پربھی جب سب اپنے اپنے کام پر چلے جاتے ہیں تو خود کے ساتھ وقت گزارنا لکھنا پڑھنا اچھا لگتا ہے وقت کا پتہ ہی نہیں چلتا کہ بچے سکول سے آجاتے
یادیں بھی یوں چپکے سےدردل پردستک دیتی ہیں کہ آدمی کن زمانوں میں جانکلتا ہے۔یادوں کے جزیرے پر چلتے چلتے کوئی خوف ناک یاد بھی یوں سر اٹھاتی ہے کہ اپنے زہریلے پن سے ایک بار پھر آپ ویسی تکلیف اورخوف محسوس کرتے ہیں۔جیسے اس وقت لکھتے لکھتے جگنو ستاروں پھولوں تتلیوں کتابوں کی باتیں کرتے ہوے یہ یاد کبھی سوچتی ہوں لکھوں یا نہیں
چلیں لکھے دیتے ہیں
شاید یہ میرے پردہ کرنے سے پہلے کی بات ہے ۔سکول سے نکلتے ہوئے لڑکیوں کا ایک ہجوم ہوتا مگرنکلتے ہی تین چار راستوں پر تقیسم ہوجاتیں ۔تاہم اس کے باوجود میاں خیل چکر کوٹ اوراس طرف جانے والی لڑکیوں کاایک بڑا گروہ ہنستے کھیلتے باتیں کرتے رواں دواں ہوتا ۔کبھی کبھی ایک دوسرا کانام بھی بےخیالی میں لے لیتیں ۔اس احاطے میں صرف فقیر ہی بیٹھے نظر آتے۔کبھی کبھار کچھ لڑکے بھی اپنی گپ شپ میں مصروف نظر آتے۔کبھی کوئی ایسی ویسی بات نظر نہیں آئی صبح وشام اسی راستے سے آتے جاتے رہے مگر کچھ دنوں سے گزرتے ہوئے لگا جیسےکچھ نگاہیں میرے تعاقب میں ہیں۔میری چھٹی حس مجھے خبردار کر رہی تھی ۔مگر میں اس خیال کو جھٹک دیتی ۔کہ میرا وہم ہے۔خیر گرمیوں کےدن تھے ۔سب لڑکیاں ایک ایک کرکے اپنے اپنے راستوں پر مڑگیں۔گھر 15قدم کے فاصلے پر تھا ۔اور صرف اتنے سے حصے میں میں اکیلی ہوتی تھی جیسے ہی اس راستے پر قدم رکھا مجھے لگا کوئی میرےپیچھے آرہاہےاس احساس کے ساتھ ہی دہشت وخوف کی لہر رگ و پے میں سرایت کر گی میں سدا کی ڈرپوک اوربزدل مگر اس وقت تیز تیز چلتےہوے گھر کے دروازے تک پہنچ گئی اورپاگلوں کی طرح زور زور سے لکڑی کے دروازے کوپیٹ ڈالا اتنے میں وہ بھی قریب آپہنچا ۔سرگوشی میں اپنا نام سنا اوریہ فقرہ کہ یہ لے لو اورایک رقعہ میرے پاس آکر گرا۔میں کچھ کہنا چاہتی تھی مگر دہشت سے حلق میں کانٹے پڑے تھے جانے اتنی ہمت کیسے کی کہ خط اٹھا کر دورپھینکا اتنے میں دروازہ کھلا خالہ نے خوف سے زرد چہرہ اورہماری حالت دیکھتے ہوئے لپٹا کر پوچھا تو ان کے بازوں میں جھول گئے ۔سب اکٹھے ہوگئے ۔ڈیڈی نے تلاش کرکے اسکے باپ کو بلا بھجوایا وہ قدموں میں گر کر رو رو کر معافیاں مانگنے لگا کہ آئندہ وہ کبھی دکھائی بھی نہیں دے گا۔اس کے بعد اللہ جنت نصیب کرے خالہ جسے ہم بجو کہتے تھے ۔ہمیں صبح وشام چھوڑنے اور لینے آتی رہیں یقین کریں اتنے طویل عرصے بعد بھی یہ لکھتے ہوے چہرے سے آگ سی نکل رہی ہے اور ایک خوف وغم کی کیفیت ازخود دل پرچھا گئ ہے












