ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ہونیوالی اموات زہریلی شراب سے نہیں ہوئیں ، ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کہتے ہیں ملزموں نے آفٹر شیو لوشن کو شراب بنا کر فروخت کیا ۔ مرکزی ملزم سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زہریلی شراب پینے سے ہونیوالی اموات سے متعلق ڈی پی او کے سنسنی خیز انکشافات ، پریس کانفرنس میں بتایا کہ اموات زہریلی شراب سے نہیں آفٹر شیو لوشن پینے سے ہوئیں ۔
ڈی پی او کے مطابق ملزموں نے آفٹر شیو لوشن کو شراب بنا کر فروخت کیا ۔ شراب فروخت کرنے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے ، مرکزی ملزم ساون اور عدیل سمیت پانچ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔ ڈی پی او نے حراست میں لئے گئے ملزمان کو میڈیا کے سامنے بھی پیش کیا ۔ ادھر زہریلی شراب سے متاثرہ 26 افراد اب بھی الائیڈ ہسپتال فیصل آباد میں زیر علاج ہیں ۔ افسوس ناک واقعے میں ہلاک ہونیوالے 34 افراد کی تدفین کردی گئی ۔
اس موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سینٹ پیٹرز سکول میں زہریلی شراب سے ہلاک ہونے والوں کے لیے دعائیہ تقریب منعقد ہوئی جس میں قومی اور صوبائی اراکین اسمبلی سمیت لیگی نمائندوں نے بھی شرکت کی












