حکومت پنجاب نے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے صوبے بھر کے تفریحی مقامات بند کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ صوبے بھر میں دفعہ 144 اور ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاپنگ سینٹر، دکانیں اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے بند کردیے جائیں گے۔
عثمان بزدار نے مزید کہا کہ سرکاری دفاتر میں ملازمین کی تعداد کم کردی جائے گی، صوبے بھر میں میڈیکل اسٹورز، فیکٹریاں اور ملیں کھلی رہیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے پنجاب بھر میں تفریحی مقامات بند کردیے گئے، پنجاب حکومت کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کے لیے تیار ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ محکمہ صحت پنجاب کو 236 ملین کا فنڈز دے دیا گیا ہے، پنجاب میں ایک ہزار فیلڈ اسپتال بنارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیس کی تعداد 28 ہوچکی ہے۔












