آپ نے وہ مقولہ تو ضرور سن رکھا ہوگا۔۔
کہ کسی فرد کو مچھلی کھانے کے لئے دیں تو وہ اپنخ ایک وقت کی بھوک کو مٹا سکتا ہے ۔۔اور اگر اس کو مچھلی پکڑنا سیکھا دیں تو زندگی بھر نہ صرف خود بلکہ اپنے اہل خانہ کو بھی بھوکا نہیں رہنے دے گا
یوں تو ملک عزیز میں کافی بڑی تعداد میں نوجوان مختلف ٹیکنیکل اداروں میں تربیت حاصل کر رہے ہیں مگر اس کے باوجود دورِ حاضر میں آبادی زیادہ اور مواقع کم ہیں ۔۔
کئی گھرانوں کو مستقل بنیادوں پر اپنی ضروریات پوری کرنے کے لئے مالی مدد درکار رہتی ہے ایسے میں گھر کے ہر فرد کا کام کرنا ضرور ہے تاکہ تھوڑی تھوڑی آمدن بھی ایک گھر کو بخوبی چلاسکے اور گھر والوں کی خوراک و پرورش کو آسان کردے۔۔۔
اور یہ سلسلہ جاری ہو تو معاشرہ کا ہر ایک کمزور فرد بھی اپنی خوداری کی حفاظت کرتے ہوئے زندگی کو بہتر انداز سے گزار سکتا ہے۔۔۔ اور خود داری بہترین انسانی صفات میں سے ایک صفت ہے جو انسان کو اپنی ہی نظر میں بلند و بالا کردیتی ہے۔یا دوسرے الفاظ میں خود داری انسان کی اندرونی نفسیات کا نام ہے۔ یہ انسان کا اپنے بارے میں تجزیہ ہوتا ہے کہ وہ اپنے آپ کو کس معیار پر پرکھتا ہے۔۔
اور خود داری کو برقرار رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ معاشرے کا ہر فرد باعزت روزگار حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے۔۔ اب جبکہ آبادی کے پھیلاو کے باعث روزگار ملنا
آسان نہیں رہا تو گھریلو صنعتوں یعنی چھوٹے پیمانے پر تجارت کا آغاز ناگزیر ہوگیا ہے۔۔ یوں تو وطن ِ عزیز پاکستان میں لوگوں کی ایک کثیر تعداد گھریلو صنعتوں سے ہی روزگار کما رہی ہے۔ اور اس سلسلے میں دیہاتوں اور شہروں میں قائم قالین بافی، ٹیکسٹائل انڈسٹریز، ایمبرائیڈری سلائی کڑھائی ، زیورات سازی انواع و اقسام کی سجاوٹی اشیاء یا ہینڈی کرافٹس ساتھ ہی کھیلوں کے سامان کی صنعتیں دوسرے ممالک سے کثیر زرمبادلہ ملک میں آنے کا سبب بھی بنتی جارہی ہیں۔ لیکن اگر خالصتا” گھریلو صنعتوں کی بات کی جائے تو پاکستان کے چھوٹے چھوٹے رہائشی علاقے اور بستیاں اس کے فروغ میں نہایت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہم سب جانتے ہیں کہ پاکستان کے مختلف صوبے اپنے انفرادی ہنر کے باعث بین الاقوامی شہرت رکھتے ہیں مثلا” سندھ اپنی ثقافتی اشیاء، و دست کاری کے کام کے لیے مشہور ہے تو بلوچستان میں تیار ہونے والے ٹوپیاں و ملبوسات اور شیشے کی کڑھائی کے کام کی دنیا بھر میں بہت زیادہ مانگ ہے۔ پنجاب جراحی کے آلات، کھیلوں کا سامان، مٹی کے برتن جب کہ خیبر پختونخواہ اور آزاد کشمیر دیدہ زیب کڑھی ہوئی نفیس شالوں، نمدوں اور عمدہ پشاوری چپلوں کے حوالے سے شہرت کا حامل ہے۔۔
پاکستان کے معاشی حب یعنی شہرِ قائد کراچی میں بھی لیڈیز چپلیں، چمڑے کے بیگز، موم بتی، کھیس، چُنری، کڑھائی، جیولری، بیڈ شیٹس، کھلونے، کھجور کی پتیوں سے بنائی گئی چٹائیاں چنگیریں، ہاتھ کے پنکھے۔ آرائشی موم بتیاں پینٹنگز اور دیگر بہت سی اشیاء بڑے پیمانے پر تیار کی جاتی ہیں۔ صنعتی طور پر پس ماندہ ملک ہونے کی وجہ سے پاکستان میں کم سرمایہ ر کھنے والے لاکھوں افراد گھریلو صنعتوں سے وابستہ ہیں۔۔۔
لیکن کثرت آبادی اب بھی مالی مسائل کا سب ہے۔۔ اس لئے گھروں میں موجود افراد کو بھی ان صلاحیتوں کو آزمانا پڑے گا اور انفرادی کاموں کو صنعت کی صورت دینا پڑے گا۔۔ سب سے اچھی بات ہے کہ گھریلو صنعتوں میں عام طور پر مشینری کے استعمال کے بجائے دست کاری اور مہارت کا زیادہ عمل دخل ہوتا ہے۔ گھروں میں کارخانہ قائم کرنے کے لیے نہ تو زیادہ سرمائے کی ضرورت پیش آتی ہے اور نہ زیادہ وسیع جگہ کی۔ اگر حکومت گھریلو صنعتوں کو فروغ دے تو پھر ملک سے بے روزگاری کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ ان صنعتوں کا فروغ بالاخر بڑی صنعتوں کے قیام کی راہ ہموار کرسکے گا۔۔
ہمارے سامنے چین جیسے پڑوسی ملک کی بہترین مثال موجود ہے۔ جہاں چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کرکے قائم کرنا ممکن بنادیا گیا ۔۔
ذرا سی محنت اور سرپرستی یعنی، بجلی، گیس اور ٹیکس کی مد میں سہولت حاصل ہو تو کوئی بعید نہیں کہ ہماری اسمال انڈسٹریز میں بننے والی مصنوعات بھی چین کی طرح عالمی منڈیوں میں اپنا تسلط قائم کر سکیں۔
فی الحال کچھ کام جو گھریلو پیمانے پر ہماری متعلقہ بستیوں میں بھی شروع کئے جا سکتے ہیں ان میں آرائشی موم بتیاں ۔مصنوعی جیولری ، کھانے پینے کی اشیاء مثلا” اچار چٹنی مربع جات جیم جیلی خشک پکوڑیاں جو رمضان میں ہر گھر میں استعمال ہوتی ہیں اور پکانے کے مصالے ہیں جن کو اگر ہم حفظان.ِ صحت کے معیار کا خیال رکھتے ہوئے ذاتی نگرانی میں تیار کروائیں تو ہماری کچی آبادیوں کی بیشمار خواتین روزگار حاصل کرسکیں گی۔۔ ان لوگوں کے پاس سرمایہ تو یقینا” نہیں ہوتا مگر یہ انتھک محنت اور لگن کا جذبہ رکھتے ہیں۔۔بس مواقع فراہم کرنا ہمارا کام ہے۔۔۔
ایک مشہور قول اسی بات سے ذہن میں آیا جو ہر فرد کو حوصلہ دیتا ہے۔۔
کہ ” غریب پیدا ہونے پر تو انسان کا اختیار نہیں ہوتا مگر اپنی محنت سے حالات کو تبدیل کرنے کا اختیار ہر فردِ معاشرہ کو حاصل ہے ۔۔۔”
خود داری ہنر مندی سے ہی آتی ہے اور ہنر مند افراد کے لئے روزگار کے بے پناہ مواقع پیدا ہوجاتے ہیں
روما رضوی













