پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے پنشنرز کو درپیش مسائل کے حل کے لیے محترم ڈائریکٹر جنرل کی فوری توجہ درکار ہے۔
1 – پی بی سی پنشنرز کو ماہانہ پنشن وقت پر، باقاعدگی سے اور سال کے ہر مہینے کے آغاز پر ادا کی جانی چاہیے جو جون 2022 سے تاخیر کا شکار ہے۔
ماہانہ پنشن کی بلا تعطل، بلا تاخیر، پینشن سے جڑی تمام مراعات اور وفاقی بجٹ میں اعلان کیے جانے والے اضافے نئے مالی سال کے آغاز پر یکم جولائی سے پینشن میں شامل اور پینشنرز کو جاری کرنے کے عمل کو مستقل اور مستحکم بنیادوں پر یقینی بنانا وقت کا اہم تقاضہ ہے اور عمر رسیدہ و بزرگ پینشنرز کا حق اور اہلِ اختیار کی انتظامی و اخلاقی ذمہ داری ہے ۔
گزشتہ جون اور جولائی میں دو ماہ کی پنشن کی ادائیگی میں چھان بین کی وجہ سے اور پی بی سی میں ممکنہ طور پر موجود کسی گھوسٹ پینشنر کی شناخت کرنے کی کاروائی کے باعث پی بی سی کے حقیقی پینشنرز کو غیر ضروری دقت اور پریشانی کے علاوہ بے توقیری اور پینشن کی وصولی میں کم از کم دو ماہ کی اذیت ناک تاخیر سے گزرنا پڑا۔ بزرگ پینشنرز کو ایسی کیفیات سے محفوظ رکھنے کے انتظامات کرنے کی شدید ضرورت ہے۔
2 – حالیہ وفاقی بجٹ میں ماہانہ پنشن میں ہونے والا 15% اضافہ PBC پنشنرز کو 1.7.2024 سے اب تک ادا نہیں کیا گیا ہے حالانکہ DG, PBC صاحب PBC بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طرف سے دیے گئے اختیار کے مطابق پنشن کی ادائیگی کر سکتے ہیں ۔۔۔۔ اس سلسلے کی واضح سرکاری چٹھی پی بی سی ہیڈکوارٹرز میں ریکارڈ پر موجود ہے۔ صرف عمل درآمد کی ضرورت ہے
گزشتہ سال جولائی سے اکتوبر 2023 تک پنشن میں چار ماہ کا 17.5 فیصد اضافہ اب تک پی بی سی پینشنرز کو ادا نہیں کیا گیا ہے۔ پینشنرز کو ان بقایاجات کی فوری پیمنٹ مزید تاخیر کے بغیر ستمبر 2024 کی ماہانہ پینشن کے ساتھ ادا کرنے کی استدعا اور فوری عملی اقدامات کرنے کی گزارش کی جاتی ہے
3 – معزز ہائی کورٹ کے فیصلے کے ذریعے پی بی سی پینشنرز کو میڈیکل الاؤنس کی ادائیگی کی اجازت دی گئی ہے اور معزز وفاقی محتسب کی فیصلے میں بھی پی بی سی کے پینشنرز کو میڈیکل الاؤنس دینے کی ہدایت دی گئی ہے لیکن ابھی تک نہ تو پی بی سی کے پینشنرز کو میڈیکل الاؤنس کی ادائیگی کی گئی ہے اور نہ ہی PBC نے ان دونوں فیصلوں پر عمل درآمد کیا ہے بلکہ حیران کن طور پر پینشنرز کو میڈیکل الاؤنس کی ادائیگی کے فیصلے کو پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کی طرف سے متواتر مسترد کیا جا رہا ہے۔ اس صورتحال کے خاتمے کے لیے پی بی سی پینشنرز اپنے حکام بالا سے انسانی ہمدردی اور اپنے پینشنرز کے لئے آسانیاں تقسیم کرنے کی استدعا کرتے ہیں اور اپنے بزرگوں کا احترام کرنے کی اخلاقی، دینی اور تہذیبی تعلیمات پر عملدرامد کی فضیلت کو پیشِ نظر رکھنے کی گزارش کرتے ہیں۔
4 – پی بی سی کا یہ طرز عمل محمکہ کے پینشنرز کے لیے بہت تکلیف دہ ہے اور بوڑھے پینشنرز کی زندگی میں ایک بڑی مشکل ہے کہ عمر کے اس حصے میں جب کھانا کھانے کے ساتھ دواؤں کا استعمال بھی لازم و ملزوم ہو جاتا ہے لیکن پی بی سی پینشنرز کو پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے قوانین کے تحت ملنے والی میڈیکل الاؤنس اور میڈیکل بل کی ادائیگی بند ہے اور طبی اخراجات کی ادائیگی نہیں کی جا رہی ہے۔ خُدارا اس جانب فوری دھیان دیجئے ۔
مزید یہ کہ پی بی سی پینشنرز کی ہسپتال میں علاج کے حوالے سے دیگر طبی سہولیات بھی طویل عرصے سے بغیر کسی اطلاع کے بند ہیں۔ پلیز ذرا نہیں مکمل سوچئے اس عمل کے کیا کیا نتائج سامنے آ رہے ہیں اور عمر رسیدہ افراد کیسے خوف میں مبتلا کر رہے ہیں ۔
5 – بوڑھے اور صحت کے لحاظ سے کمزور پینشنرز کے لیے ایک بڑی مشکل یہ ہے کہ ماضی قریب میں ریٹائر ہونے والے ملازمین کو کمیوٹیشن کی ادائیگی بروقت نہیں کی جا رہی ہے اب گُزشتہ دو ماہ سے محترم و مشفق ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان جناب سعید احمد شیخ کی خصوصی مہربانی سے دو افراد کو ہر ماہ ادائیگی شروع کی گئی ہے کیونکہ 2020 سے کمیوٹیشن کی ادائیگی سے انکار کے سبب ہر روز کی بنیاد پر ادارے پر مالیاتی بوجھ بڑھتا جا رہا تھا اس لیئے موجودہ ڈائریکٹر جنرل صاحب کی اس خصوصی توجہ اور نیک عمل پر تمام پینشنرز اظہار تشکر کے ساتھ داد تحسین پیش کرتے ہیں۔ اسی طرح مزید خصوصی توجہ بہت سے مسائل کا اللہ کریم کے فضل سے سدباب کر سکتی ہے ۔۔۔۔
ہم ان کوششوں پر محترم سعید احمد شیخ ڈائریکٹر جنرل ریڈیو پاکستان کے بہت ممنون ہیں۔
6 – یہ بھی گزارش کی جاتی ہے کہ پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے پینشنرز کو خصوصی اضافی الاؤنس ادا نہیں کیا جا رہا ہے لیکن سنا گیا ہے کہ خاص وجوہات کی بنا پر کچھ پینشنرز کو اس کی الاؤنس کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔ یہ تفاوت پینشنرز میں بیچینی پیدا کر رہا ہے اور بعض پینشنرز کو مایوسی کی طرف بھی لے جا رہا ہے اس جانب بھی محترم ڈی جی صاحب پی بی سی کی خصوصی توجہ سے یقیناً بہت جلد کوئی نہ کوئی بہتری ضرور آ سکتی ہے ۔۔۔۔ انشاء اللہ
مجاز اتھارٹی سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ PBC پینشنرز کے مذکورہ بالا مسائل کو ہمدردی اور ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔
ہم سب پینشنرز کی خلوص بھری دعائیں اپنے ادارے کے سربراہ محترم جناب شیخ سعید احمد صاحب ڈائریکٹر جنرل پی بی سی کے ساتھ ساتھ ہیں ۔۔۔۔
اللّہ کریم آپ کی عمر دراز فرمائے اور آپ کو ہمیشہ سرخرو اور اپنی عافیت کے سائے میں رکھے
ان میں فوری توجہ طلب مسئلہ 15% پنشن میں اضافہ یکم جولائی۔2024 سے نافذ العمل ہے اس اضافہ کو پنشن میں فورا”دینے کے احکامات جاری کیے جائیں
(جملہ متاثرین پینشنرز ریڈیو پاکستان)













