امریکی محکمہ خزانہ نے بتایا ہے کہ ملک کی اہم ایئر لائنز نے اپنے عملے کو تنخواہ دینے کے لیے اصولی طور پر 25 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج پر اتفاق کیا ہے۔ اس کا مقصد کرونا وائرس کی وجہ سے سفر بند ہوجانے اور بدتر معاشی صورتحال سے نکلنے میں مدد دینا ہے۔
چھ بڑے فضائی اداروں امریکن ایئرلائنز گروپ، یونائٹڈ ایئرلائنز ہولڈنگز، ڈیلٹا ایئرلائنز، ساؤتھ ویسٹ ایئرلائنز، جیٹ بلو ایئرویز اور الاسکا ایئرلائنز کے علاوہ کئی چھوٹی ایئرلائنز نے بھی اس پیکیج سے اتفاق کیا ہے۔
محکمہ خزانہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ”ہم ایئرلائنز کے ساتھ مل کر معاملات طے کرنے اور جلدازجلد رقوم جاری کرنا چاہتے ہیں۔”
گزشتہ ہفتے امریکی محکمہ خزانہ کے طے کردہ ضابطہ کار کے مطابق بڑی ایئرلائنز جاری کردہ فنڈ کا 30 فیصد حکومت کو واپس کریں گی، جو قرضے کی اصل رقم کے 10 فیصد کے مساوی ہوگا۔
یہ رقوم تنخواہ کی ادائیگی اور دیگر فوائد کی مد میں ہوں گی جو 2019ء کی دوسری اور تیسری سہ ماہی کے لیے ہیں۔ امریکن اور یونائٹڈ کو تقریباً چھ چھ ارب ڈالر؛ ڈیلٹا کو تقریباً 5.6 ارب، سائوتھ ویسٹ کو اندازاً 4 ارب جبکہ جیٹ بلو اور الاسکا ایئرلائنز کو 1.2 ارب ڈالر دیے جائیں گے۔
امریکی ایئرلائنز 25 ارب ڈالر کے قرض کے لیے علیحدہ درخواست دے سکیں گی جو حکومت کے 2.3 ٹریلین ڈالر کے ریلیف پیکیج میں سے فراہم کیے جائیں گے۔











