اے مومنو! تم وہ کیوں بات کہو، جو نہ کرو ؟۔۔۔ شمس جیلانی

0
1134

آج کا عنوان سورہ الصف کی آیت نمبر 2 کا اردو ترجمہ ہے۔ جبکہ اس سے اگلی آیت نمبر(3)میں اللہ سبحانہ تعا لیٰ نے اپنی نا راضگی کا اظہار فر مایا ہے کہ ” تم جو نہ کرو اس کا کہنا اللہ تعالیٰ کو سخت نا پسند ہے ”
عمران خان کے بر سرِ اقتدار آنے سے پہلے تو حکمرانوں سے نہ کو ئی امید تھی نہ ہی عوام امید رکھتے تھے اس لئے کہ نہ وہ کبھی امید دلاتے تھے اور نہ ہی کسی بات پر بولتے تھے۔ بلکہ پچھلے دنو ں تو ایک خاتون نے جو کہ پاکستانی وزارت خارجہ سے تعلق رکھتی تھیں, میڈیا کے سامنے انکشاف کیا کہ پڑوسیوں کے بارے میں، ہمیں اچھے پڑوسیوں کی طرح زباں بندی کا حکم تھا؟ وجہ عوام کو بھی معلوم تھی کہ کارو باری لوگ کارو باری مصلحتوں کو ہمیشہ تر جیح دیتے ہیں۔ کیونکہ ان کے لیئے وہ زیادہ اہمیت رکھتی ہیں۔ سرمایہ دارانہ نظام میں یہ برا بھی نہیں سمجھا جاتا ہے؟ لیکن اس مرتبہ جناب عمران خان نے جب عوام کو ریاست ِ مدینہ کا نظام لانے کی امید دلا ئی تو عوام خوشی سے جھوم اٹھے کہ اب ضرور ہم اسلامی نظام لا نے کا وعدہ پورا کر دیں گے۔ جس کے لئے مدتوں سے بر صغیر کے مسلمان قربا نیاں دیتے چلے آرہے تھے۔ اور اتنے یقین کی وجہ بھی یہ ہی تھی کہ عمران خان کا اس وقت تک کا ریکارڈ بھی بہت شاندار تھا۔ وہ ایک مرتبہ کسی کے ساتھ اقتدار میں شریک ہو نے کے بعد اسے چھوڑ بھی چکے تھے۔ اس سلسلے سوا ئے مولانا طاہر القادری صاحب کے اور کسی کو ابھی تک یہ شرف نہیں حاصل نہیں ہوا تھا۔ کیونکہ صرف انہوں نے ہی ان کی ہم نوائی کی تھی؟ یہ تھی ہماری تاریخ،مگر ہا ئے رے مجبوریاں!
شاید بہت سے لوگ ہم سے واقف نہ ہوں کہ ہمیں بھی سیاست وراثت میں ملی تھی، پھر پاکستان آنے کے بعد ہم نے بھی ہاتھ پاؤں بہت مارے پھر ہم یہاں چلے آئے۔ وہاں رہ کرہم بہت سے ایسے رازوں سے بھی واقف ہو ئے جن کے بارے میں بہت سو ں کو علم بھی نہیں ہے۔ہمارے دوست کہتے ہیں کہ آپ اپنی یاداشتیں لکھوادیجئے۔ کیونکہ آپ کے بہت سے ساتھی للہ کو پیا رے ہو چکے ہیں۔ جبکہ تاریخ میں وہ پڑھایا جاتا ہے جو کہ پیا چا ہے؟ اب بات کو اور آگے بڑھا تے ہیں کیو نکہ ہم ماضی لے کر بیٹھ گئے تھے اور بات حال کی کر رہے تھے۔
اس وقت جن لوگو ں نے ہندوستان کے اقلیتی صوبوں کے مسلمانو ں کو بہکانے کی کو شش کی “ کہ تمہیں پا کستان بن بھی گیا کیا ملے گا ۔ کیونکہ تمہیں تو یہیں رہنا ہے تو ان کی اکثریت نے جوا ب میں کہا کے “ ہم نہ سہی ہمارے ان خطوں کے مسلمان بھائی اور ان کے نسلیں تو آرام سے رہیں گی “۔چونکہ وقت ان کی کوئی غرض نہ تھی اور وہ مخلص تھے۔ ان کی حمایت کسی اور مطالبے مثلاً تبا دلہ آبادی وغیرہ سے بھی مشروط نہ تھی۔ لیکن بعد میں بھارت میں مسلمانوں کا قتل عام شروع ہوگیا، اور مسلمانو ں کو خاص طور سے مشرقی پنجاب خالی کرنا پڑا، جسکی سرحدیں دہلی تک پہلی ہوئی تھیں۔ وہاں با قاعدہ تبا دلہ آبادی تو نہیں ہوا ۔لیکن پنجاب کی حد تک سرکاری ریکارڈ کا بھی تبادلہ ہوا؟ مسلمان مشرقی پنجاب سے ہجرت کرکے پاکستان میں آ باد ہوگئے اور ان زمینوں اور مکانات پر جو یہاں غیر مسلم جا تے ہو ئے چھوڑ گئے تھے بس گئے۔رہے بقیہ ہندوستان کے مسلمان وہا ں بھی فسادات پھوٹے تو مگر اتنے شدید نہیں تھے کہ تبادلہ آبادی ہو، وہ بھی کھو کرا پار (سندھ) کے راستے سے آہستہ آہسہ آتے رہے۔مگر ان کے آنسو 1956میں جب چودھری محمد علی مرحوم نے پوچھے جو کہ اس وقت وزیر اعظم تھے اور ان کے بعد حسین شہید سہروردی مرحوم نے اور ان کے بعد ایوب خان مرحوم نے۔ ان کی آباد کاری کا کام مکمل ہوا، مگر آنے والے عقلمند اتنے تھے کہ وہ انہی تینوں سے ہمیشہ ناراض رہے اور ابتک ہیں۔ یہ کہانی طویل ہے اس کو یہیں چھوڑتے ہیں۔ اس وقت جب یہ مسئلہ زیر بحث آیا تھا تو قائد آعظم اور ان کے ساتھیوں نے انڈیا میں رہ جانے والے مسلمانوں کو یہ کہہ کر تسلی دی تھی؟ کہ انڈیا کے مسلمانوں کے ساتھ زیادتی ہوئی تو اس کا جواب ہم پاکستان میں دیں گے۔ اس پر کسی نے اسوقت روشنی نہیں ڈالی کہ بعد میں دونوں میں سے کوئی بھی ایک ملک دوسرے ملک کے لوگوں کے بارے بولنا تو کیا، بین لاقوامی قوانین کے تحت ان کی بات بھی نہیں کر سکے گا تو کیا ہوگا؟ اب وہ بھی وقت آنے والا ہے کیونکہ مودی کی حکومت اس سمت بڑی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ بر صغیر کے سارے مسلمان خطرے میں ہیں برما کے مسلمانوں کا حشر سب کے سامنے ہے۔ فلسطین کے مسلمانوں کا حشر بھی سامنے ہے۔ وہ تو پھر بھی ما ضیِ قریب میں شامل ہیں۔ مگر آج کشمیر کا معاملہ ہما رے سامنے ہے۔ تقریبا ً ایک کروڑ مسلمان مشکل میں ہیں۔اپنی ہی سر زمین پر مقید ہیں آٹھ مہینہ ہو نے کو آئے۔ اسلامی دنیا جس پر ہندوستانی مسلمان جان دیتے تھے،آج وہ زبانی جمع خرچ کرنے کو بھی تیار نہیں ہے کہ ان کے بھی وہاں مفادات ہیں۔
جبکہ کرونا بھیج کر اللہ سبحانہ تعالیٰ نے یہ دکھا دیا کہ تمہا رے منصوبے کچھ بھی نہیں ہیں میرے سامنے؟ ادھر بھارت روزانہ لائن آف کنٹرول پر دوچار لا شیں گرا ہی دیتا ہے۔ دوچار پاکستانی فوجی بھی شہید ہو رہے ہیں کبھی اپنوں کے ہاتھوں کبھی ہندوستانی فوجوں کے ہاتھوں۔ پاکستانی سوائے احتجاج کرنے کہ اب تک کچھ نہیں کر پا ئے بس روزانہ ہندوستان کے ہائی کمشر کو بلا کر ایک احتجاجی مراسلہ تھما دیتے ہیں۔ اگر یہ ہی سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو فوجیوں کی بیواؤں کی پنشن ہی اتنی زیادہ ہو جا ئے گی۔ کہ ملک کو چلا نا مشکل ہو جا ئے گا۔ کل ایک امید کی کرن پھوٹی ہے کہ پاکستان کے سپہ سالار جناب با جوہ صاحب نے کنٹرول لائن کا دورہ کیا۔ جبکہ دورے تو وہ پہلے بھی کر تے رہے ہیں؟ مگر اس مرتبہ انہوں نے فرما یا ہے کہ ہم اب بھارت کومنہ توڑ جواب دیں گے؟ مگر یہ نہیں بتایا کیسے؟ چونکہ وہ بات کے دھنی ہیں اور زبان کے بھی پکے ہیں جو کہتے ہیں وہی کرتے بھی ہیں؟اور پہلی بارتا ریخ میں فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ اب کچھ نہ کچھ ضرورہو رہے گا؟ چونکہ فوجی راز ہیں ہم پوچھنا بھی نہیں چا ہتے اور نہ ہی ہمیں پوچھنا چا ہیئے۔ مگر حالات دیکھ کر یہ سمجھ میں نہیں آرہا ہے؟ کہ وہ کریں گے کیا؟ جب کہ سرحد کے اُس پار بھی مسلمان آبادہیں۔ نقصان اپنا ہی ہوگا۔ دوسرا حل یہ ہے کہ ہمارے پاس ایٹم بم بھی ہے۔ مگر مشکل یہ ہے،کہ وہ اپنے اور غیروں کو پہچانتا نہیں ہے۔لہذا بھارت میں آبادی مخلوط ہونے کی وجہ اس میں مسلمان بھی شہید ہو ں گے۔ بس اللہ سے خیر کی دعا مانگ سکتے ہیں؟ کہ اللہ رحم کر۔

SHARE

LEAVE A REPLY