وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ فردوس عاشق اعوان نے لابنگ کے ذریعے وزارت حاصل کی تھی اور ان میں وزارت اطلاعات سنبھالنے کی اہلیت نہیں تھی۔
اردو نیوز کو انٹرویو کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ ‘فردوس عاشق اعوان نے لابنگ کے ذریعے وزارت تو لے لی لیکن عہدہ لینا ہی نہیں ہوتا بلکہ خود کو ثابت بھی کرنا ہوتا ہے، وہ کبھی بھی اس کے لیے اہل نہیں تھیں کہ اس وزارت کو چلا سکتیں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘وزیر اطلاعات کا عہدہ ایک بہت بڑا عہدہ ہے اور فردوس عاشق اعوان کے اس عہدے پر رہنے سے تحریک انصاف کی حکومت اور وزیر اعظم آفس کو شدید نقصان پہنچا جبکہ ایک سال طویل عرصہ تھا ان کو بہت پہلے ہٹا دینا چاہیے تھا’۔
یاد رہے کہ 27 اپریل کو فردوس عاشق اعوان سے معاون خصوصی اطلاعات کا عہدہ واپس لے لیا گیا تھا اور ان کی جگہ سابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ کو یہ عہدہ دے دیا گیا تھا۔
ساتھ ہی پی ٹی آئی رہنما سینیٹر شبلی فراز کو وزیر اطلاعات و نشریات کا قلمدان سونپ دیا گیا تھا۔
‘عاصم باجوہ سے شبلی فراز کو مدد ملے گی’
وفاقی وزیر وزارت اطلاعات میں عاصم سلیم باجوہ کی شمولیت سے متعلق کہا کہ ’عاصم سلیم باجوہ نے اطلاعات کے ادارے بنائے ہیں اور میڈیا کے حوالے سے سارے کام ان کو آتے ہیں اس لیے وزارت اطلاعات میں ان کی شمولیت سے شبلی فراز کو بڑی مدد ملے گی۔‘
ملک میں جاری لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘دوا ساز کمپنیوں نے کہا ہے کہ اگلے سال ستمبر سے پہلے ویکسین کی تیاری ممکن نہیں تو آپ ڈیڑھ سال ملک بند تو نہیں کر سکتے، اس لیے آپ کو صوبوں اور ماہرین کے ساتھ مل کر فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ کن شعبوں میں نرمی کرنی ہے اور روزانہ کی بنیاد پر اس پر فیصلے کیے جاتے ہیں’۔











