خوشی ہمیں سکون عطا کرتی ہے اور زندگی کو سکھ میں بدل دیتی ہے ۔ حالات کتنے ہی پریشان کن ہوں یا دکھ بھرے ہوں اگر ہم اندر سے سکھی ہوں تو پریشانیوں اور تناؤ سے مکمل طور پر خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں ۔۔ یعنی خوشی سے مالا مال زندگی اپنے آپ میں انتہائی مستحکم اور جذباتی طور پر طاقتور ہوتی ہے ۔
میں اکثر سوچتی تھی کہ ایسی خوشی کیسے حاصل کی جائے جس کی خوشبو سے زندگی خوشگوار ہو جائے ۔ اور یہ بھی کہ آخر وہ کونسی خوشی ہو گی جو دوسروں کو تحفتا دیں تو وہ خوشی محسوس کریں ۔
پھر ایک دن میں نے ایک کوشش کی کہ جس جس سے ملوں گی ان کو خوشی کا تحفہ دوں گی ۔ اس رات سونے سے پہلے جب اپنا محاسبہ کیا تو حیران ہی رہ گئی ، اس دن میں نے خود کو بہت خوش ، مظبوط اور محفوظ محسوس کیا تھا ۔
میرے عزیز دوستو !
خوشی کے تحائف ہماری ہی شخصیت کا حصہ ہیں اور ہمارے ہی اندر ہیں ۔ ضروری یہ کہ سب سے پہلے خود سے ملاقات کیجئے ۔۔ اپنے اندر اللہ پاک کی دی ہوئی اہم خصوصیات کا پتہ لگایئے ۔ آپ حیران رہ جایئں گے کہ کائینات میں کوئی بھی ایسا فرد نہیں ہے جو اپنی ذات میں خاص نہ ہو۔ کوئی مہربان ہے ۔۔ کوئی نرم خو ہے تو کوئی سچ بولتا ہے ۔۔ کوئی کشادہ دل ہے تو کوئی کشادہ زہن ۔۔ کوئی فصیح و بلیغ بول سکتا ہے تو کوئی خاموشی سے دل جیت لینے کے ہنر سے واقف ہے ۔
بس کرنا یہ ہے کہ آج سے ہی آپ جن جن سے ملیں ان میں جو تحفے آپ کے پاس ہیں وہ تحائف بانٹ دیں ۔ ۔ ہر ایک کو اپنی خصوصیات تحفے میں دے دیں ۔ انہیں اپنے پاس سینت سینت کر مت رکھیں۔ دوسروں کو دینے میں اپنے خزانوں کی عمر بڑھ جاتی ہے ۔ فرض کیجئے ، کسی شخص کے پاس اعتماد سے بولنے کا تحفہ ہے تو وہ کسی کو تقریر کرنا سکھا سکتا ہے اور انہیں اپنے مقصد کے حصول کے لئے پرجوش ہونے میں مدد کر سکتا ہے۔ اگر آپ بہت ہی عاجزی اور انکساری رکھتے ہیں ۔۔آپ کے دل میں ہر ایک کے لئے نیک تمنائیں اور نیک خواہشات ہیں ۔۔ تو اپنے الفاظ اور بات چیت کے ذریعے اس محبت کا اظہار دوسروں سے کریں اور اپنی خیر سگالی کی خوشی سے انہیں مسحور کر دیں ۔اگر آپ بہت ذہین ہیں ، اپنی شخصیت اور حکمت کے ذریعے دوسروں کی مدد کریں۔ خوشی پھیلانے کے یہ انمول طریقے ہیں۔
کسی کی یا اپنی کسی خصوصیات کا اقرار کرنے میں کوئی انا نہیں ہونی چاہیئے کیونکہ ہمیں یہ خصوصیات اللہ پاک نے عطا کی ہیں ۔ اس لئے اپنے آس پاس کے ہر شخص کی حقیقی اور فطری تعریف دراصل ہماری اپنی ہی کامیابی ہے ۔ دوسروں کی تعریف کرنے اور ان کی شراکت کی اہلیت کا اقرار ہمیں بہت ساری مشکلات سے بچا سکتا ہے۔ جب بھی ہم مل جل کر کوئی کام کرتے ہیں اس میں دوسروں کا اپنی اپنی خصوصیت اور صلاحیت کے ساتھ شامل ہونا اپنے آپ میں ایک اہم ترین تعاون ہوتا ہے ۔لیکن یہ اسی وقت ممکن ہوتا ہے جب ہم ہر فرد کی خصوصیات کو پہچاننے کے قابل ہوتے ہیں اور ان کا اقرار کشادہ دلی سے کرتے ہیں ۔
آیئے دوستو !
اپنی خوبیوں کی خوشبو سے دوستی کریں ۔۔ اس مہک کو اپنے آس پاس پھیلائیں تاکہ زندگی نہ صرف آپ کے لئے بلکہ دوسروں کے لئے بھی خوش اور خوشگوار ہوجائے ۔ یقین کیجئے ہماری اجتماعی کوششیں گھرسے لے کر ملک تک اور ملک سے لے کر دنیا تک خوشیوں کی خوشبو پھیلنے کو یقینی بنا دیں گی ۔
آپ سب کے لئے بہت محبتیں اور دعائیں
ڈاکٹر نگہت نسیم













