ہمارے قائدین اور نظام ایک خاتون سے ہی کچھ سکیھ لیں

0
1362

عالمگیر وبا کورونا کی صورتحال میں بہترین قائدانہ صلاحیتیں دکھانے والی نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن اور ان کے ساتھی کو کیفے میں سماجی دوری کے قواعد کے تحت مزید گنجائش نہ ہونے پر داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم جیسنڈا اپنے ساتھی کلارک گیفورڈ کے ہمراہ ویلنگٹن کے معروف کیفے پہنچیں تو سماجی دوری کے قواعد کے مطابق وہاں مزید لوگوں کی گنجائش نہیں تھی، ملازم نے وزیراعظم کو بتایا کہ اس وقت کیفے میں مزید مہمانوں کی کوئی گنجائش موجود نہیں ہے۔

جیسنڈا وہاں سے لوٹنے کے لیے روانہ ہونے ہی لگیں تو کیفے میں موجود لوگوں کی بڑی تعداد نے اپنی جگہ فارغ کردی۔

جوڑے کے واپس آنے کے بعد ایک ویٹر بھاگتے ہوئے ان کے پیچھے آیا اور اطلاع دی کہ جگہ خالی ہوچکی ہے اور وہ وہاں آ سکتی ہیں۔

گزشتہ روز پیش آنے والے اس واقعے کا الزام جیسنڈا کے ساتھی کلارک گیفورڈ نے اپنے سر لیتے ہوئے کہا کہ ’یہ میری غلطی ہے کہ میں پہلے سے کہیں جگہ بُک نہ کروا سکا۔‘

کلارک نے یہ بھی کہا کہ انہیں بہت اچھا لگا کہ ویٹر نے اطلاع دی کہ جگہ خالی ہے، اس کیفے کی سروس بہت اچھی تھی۔

واضح رہے کہ جیسنڈا آرڈرن کی حکومت نے جمعرات کو سماجی دوری کے کچھ اصولوں میں نرمی کا اعلان کیا تھا، جس کے تحت کیفیز، سینیما گھروں اور شاپنگ مالز کو دو مہینے بعد کھول دیا گیا تھا۔

نیوزی لینڈ میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عائد کی جانے والی پابندیاں دنیا میں سخت ترین تھیں۔

وزیر اعظم کی پریس سروس کے مطابق کیفے میں جگہ کے لیے انتظار کرنا سماجی دوری کے اصولوں کے مطابق ہے۔

سرکاری ٹی وی پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ ہے کہ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ وہ بھی باقی شہریوں کی طرح انتظار کر سکتی ہیں۔

SHARE

LEAVE A REPLY