ہر عید پر دعاؤں کے ساتھ یہ جملہ بھی ہوتا تھا کہ اللہ ایسی ہزاروں عیدیں دکھائے ۔کیونکہ عید کی خوشی اور عید کی گھما گھمی ایسی ہوتی تھی کہ سب ہی انتہائی مصروف اور اپنی اپنی تیاری میں لگے ہوتے تھے رونق ہی رونق ہوتی تھی لیکن اس دفعہ یہ جملہ سات تالوں میں بند کرنا پڑ ا اس لئے آپ سب کو عید مبارک اس دعا کے ساتھ کہ اللہ حالات بھر بہتر کر دے اور ہمیں پہلے جیسی عیدیں منانے کی سہولت عطا کرے آمین
اس رمضان نہ افطار پارٹیاں تھیں نہ ملنے جلنے کا وہ موسم جو ہم ہمیشہ دیکھتے آئے تھے ۔اکثر افطار پارٹیاں عبادات میں بھی مخل ہوجاتی تھیں جو اس دفعہ نہیں ہوا لیکن لوگوں نے رستے ضرور نکالے ایک دوسرے کو افطاری بھیج کر کہ یہ ہماری شان ہے کہ ہم اپنے خاندانی مزاجوں کو قائم رکھیں یہ ہماری تعلیم بھی ہے کہ ایک دوسرے سے ملنے جلنے میں ہی اتحاد ہے اور یہ مہینے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ ملنے جلنے کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے کا خٰیال رکھنے کی بھی رغبت دیتے ہیں ۔فطرہ غریبوں کے لئے ہوتا ہے زکات حق داروں کو دینی ہے جس میں خاص کر قریبی رشتے دار جو کمزور ہیں پیسے کے معاملے میں پہلے انکی مدد ہے پھر دوسروں کو دینا ہے یہ وہ افضل کام ہیں جو ہم سب کرتے ہیں ۔اس امید کے ساتھ کہ اللہ قبول کرے گا ۔اس دفعہ لوگوں کے دل زیادہ رقیق ہیں اور وہ ان فلاحٰ کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ ڈال رہے ہیں جو ان ممالک میں ہورہے ہیں جہاں ہم بستے ہیں ۔
ہماری دعا ہے کہ اللہ سب کی عبادات توبہ اور روزے قبول فرمائے ہم سب کو معاف فرمائے ہم پر رحم کرے اور ہمیں اس مشکل وقت سے نکال دے جس کا سر پیر ہی سمجھ میں نہیں آرہا اللہ سے رحم و کرم اور اس کا فضل چاہنے کی دعا ہے ،اے میرے مالک و آقا قبول فرما
ابھی کرونا ہی سے لڑ رہے ہیں کہ پاکستان سے ایک اور اندوہناک خبر آئی کہ ایک پی آئی اے کا طیارہ حادثے کا شکار ہوا اور نوے کے قریب جانیں دنیا سے ایک لمحےمیں اُٹھ گئیں ،لیکن دو لوگ بچ بھی گئے یہ اس مالک کا کرم ہے کہ اُس نے دو جانیں بچائیں اور ہمیں یہ ایقان پھر ملا کہ وہ جو چاہے کرے اسکی بادشاہت ہے جسے چاہے زندہ رکھے جسے چاہے اُٹھا لے ۔اللہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی مشکلوں کو آسان کرے حکومت زخموں پر مرہم رکھنے کی کوشش کر رہی ہے لیکن اپوزیشن اپنے کھیل میں لگی ہے ۔کہیں جادو ٹونے کی باتیں ہیں تو کہیں خود کو قرنطین کر کے نیب سے چھپنے کی کوشش ہے ۔
کہتے ہیں عید کے بعد ایک ہوا چلے گی کرپٹ لوگوں کو پکڑنے کی جس میں نیب پیش پیش ہوگا کاش ایسا ہی ہو کہ اب یہ سب داستانیں سُن سُن کر ان کی اہمیت ختم سی ہوتی جا رہی ہے ۔بہت ہو گئیں باتیں اب کچھ عمل ہونا چاہئے یا تو پکڑ لیں اور ملک کو صاف کریں یا پھر چھوڑ کر انہیں مزید ملک لوٹنے کی چھوٹ دے دیں اس لئے کہ اب عوام کو ان کہانیوں سے کوئی دلچسپی نہیں رہی ، سارے مزے کر رہے ہیں ضمانتوں پر رہا ہیں ۔ہلدی لگی نہ پھٹکری رنگ آیا چوکھا ،
سلمان شھباز کی ٹی ٹٰیاں زیر بحث ہیں لیکن نون والوں کو ماننا پڑے گا کہ ان کے جھوٹ اور لفاضی کے آگے سب ہیچ ہے ،آج ایک اور انکشاف سنا جو نون کے ایک رکن نے کیا کہ شریف صاحب نے سلمان شھباز کو پندرہ بلین وراثت میں دئے ہم انگشت بہ دنداں رہ گئے کہ شریف صاحب نے اس ملک سے کتنا کمایا جب کہ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جب وہ یہاں آئے تو ان کے پاس تنکا بھی نہیں تھا ،تنکا ہم نے لکھا کیونکہ آپ سب سمجھدار ہیں اور سمجھ سکتے ہیں کہ جن کے پاس تنکا بھی نہیں تھا وہ کیسے اتنے مالدار ہوئے کہ انہوں نے ساری دنیا میں اپنے بیٹوں اور پوتوں کے لئے اتنا سرمایہ چھوڑا کہ وارے کے نیارے ہوگئے ۔
بلکہ دولت کے ایسے انبار لگے جو قارون کے خزانے کی یاد تازہ کرتے ہیں ۔کہتے ہیں سلمان کو دادا نے حصہ دیا اب ہماری سمجھ میں یہ نہیں آتا کہ باقی اولادیں کیوں محروم رہیں ؟
یا صرف ان دو بیٹوں اور ان کی اولادوں سے پیار تھا ؟
پاکستان کے کچھ خاندان ہیں جن کی دولت اتنی ہے کہ گننا مشکل ہے ،کہتے ہیں سلمان پر اگر پابندی نہ لگتی تو وہ اور نہ جانے کہاں جاتے ۔کتنا کماتے ،بالکل ٹھیک فرمایا ،جہاں بیرونِ ملک کیا پاکستان میں بھی جائیداد نہ ہو لیکن کچھ ہی ماہ بعد اتنی دولت ہو کہ سننے والے حیران رہ جائیں یہ کچھ شریف ہی کر سکتے ہیں ۔دوسروں کو جادو گر کہنے والے خود کتنے بڑے ساحر ہیں یہ انہوں نے کبھی سوچا ہی نہیں اب سحر ٹوٹ رہا ہے تو سب کچھ صاف نظر آرہا ہے ۔لیکن ہم بہت نا امید سے ہیں کیو نکہ یہ سب باتیں سُنتے سُنتے ہم اوبھ گئے ہیں جب تک ان کا انجام نہیں ہوتا ہمارا اعتماد پنڈولم بنا ہوا ہے کبھی لگتا ہے کہ بس اب کوئی نہ کوئی فیصلہ آئے گا لیکن پھر پتہ چلتا ہے کہ شھباز صاحب بڑے بڑے لوگوں سے رابطے میں ہیں اب ہم ان بڑوں سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ کہاں تک بچائیں گے ان کرپٹ سیاست دانوں کو کہاں تک بھینٹ چڑھائیں گے ملک کے عوام اور اداروں کو ؟؟؟
چائنا نے انڈیا کو سبق سکھایا ہے ،اور قبضہ کر لیا ہے اس علاقے پر جو اُن ہی کا تھا ۔لیکن انڈیا ہمارا ایک کبوتر پکڑ کر شور مچا رہا ہے کہ ہم نے ایک اسپائی پکڑ لیا ہے جس سے وہ شاید سارے راز اُگلوا لیں گے ۔اسی بدلے کے چکر میں ایک ڈرون ہماری طرف بھیج دیا اور ہماری فوج نے اُسے وہیں کا وہیں دبوچ لیا کہ خبردار جو آگے آئے تو ،
کرونا نے مشکل میں ڈال رکھا ہے نہ علاج ہے نہ پتہ کہ کسے کرونا ہے کسے نہیں ہے سب کچھ بند ،احتیاط اتنی کہ اب دل گھبرا رہا ہے کہ کب تک اندر بند رہیں ،گھروں کے ماحول بدل گئے ہیں ،چھوٹے بچے پریشان ہیں کہ کیوں اسکول بندہوگئے کیوں شاپنگ کے لئے نہیں جاسکتے ۔ہمارے پاس سوائے دعا کے کچھ نہیں کہ اللہ ہمیں معاف فرمادے اور اس مشکل سے ساری دنیا کو نکال دے ۔رحم اور کرم فرمادے ہماری خطائیں معاف فرمادے اور ہم سب کو صحت اور زندگی دے ،آمین
میرے رب مالک میرے غلطیاں اب معاف کر , عالم آرا
761
0












