پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے پنجاب میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کر دیا ہے، پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ اور چودھری منظور احمد نے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔
اس حوالے سے قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ حکومت کورونا جیسے سنگین بحران پر رہنمائی دینے میں بری طرح ناکام رہی، حکومت کی مسلسل کنفیوز پالیسی نے عوام میں مایوسی پیدا کی اور حکومت نے صوبوں کے ساتھ محاذ آرائی کرکے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی سے چھیڑ چھاڑ کر کے نیا بحران پیدا کیاجا رہا ہے، جبکہ سندھ حکومت پہلے ہی اپنے تحفظات کا اظہار کرچکی ہے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ٹڈی دل کی روک تھام میں بھی حکمران بری طرح ناکام رہے ہیں، یکطرفہ اور امتیازی احتساب سے مخالف سیاسی جماعتوں کو ختم کرنے کی سازش جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے متفقہ لائحہ عمل کے لیے اے پی سی بلانے کا فیصلہ کیا ہے، پنجا ب کی سطح پر بہت جلد اے پی سی منعقد ہوگی۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی تمام صوبوں میں اے پی سیز منعقد کرے گی، جبکہ پنجاب میں اے پی سی کے لیے تمام جماعتوں سے رابطے شروع کر دیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکمرانوں کو صوبائی خود مختاری تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیگی۔











