اپوزیشن کی دو بڑی جماعتوں مسلم لیگ (ن) اورپاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے بعد آج دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات ہوئی جس میں عید الاضحیٰ کے بعد آل پارٹیز کانفرنس بلانے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس کے بعد پیپلز پارٹی کی قیادت کے ساتھ ملاقات کے بعد پی پی پی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ 72 برس بعد پاکستان اس بات کا متحمل نہیں ہوسکتا کہ اسے کسی نئے فاشسٹ ایجنڈے کی تجربہ گاہ بنایا جاسکے بلکہ صرف 22 کروڑ عوام کی امنگوں کے مطابق کسی اور راستے پر چلنے کا متحمل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسے تجربات نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے، ملکی معیشت حکومت کی نااہلی، ناتجربہ کاری اور نالائقی سے تباہ ہوگئی ہے 21 ویں صدی میں کوئی ریاست اس تباہ حال معیشت کے ساتھ اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو بہتر معیار زندگی دینا تو دور کی بات روز بروز عوام کا معیار زندگی انحطاط کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا لوگ گاڑیوں سے موٹربائیک پر آرہے ہیں، موٹر بائیک والا سائیکل جبکہ سائیکل ولا پیدل سفر کرنے پر مجبور ہورہا ہے، لوگوں کے لیے بچوں کو تعلیم دلانا، ان کے اخراجات اٹھانا ناممکن ہوگیا ہے۔












