مانچسٹر(پریس ریلیز) پریس کلب آف پاکستان یوکے کی صدر محترمہ مقدسہ بانونے خبردار کیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر بھارتی حکومت کو بے نقاب کیا جائے گا- انہوں نے پریس کلب کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں کہیں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوں گی پریس کلب اس کی شدید مخالفت کرے گا خواہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہوں ‘ افغانستان میں ہوں یا فلسطین میں – انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے معاملات پر اقوام عالم ایک مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں جہاں ہزاروں کی تعداد میں ا ب تک لوگ مارے جا چکے ہیں جبکہ لاکھوں بے گھر ہوچکے ہیں – تاہم ان مظالم پر اقوام عالم کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی – ہم نے اس کا علم اٹھایا ہے اور ہم ان مظالم کی ہر فورم پر مخالفت کریں گے – انہوں نے ارکان کے سوالوں کے جواب میں واضح کیا کہ لاک ڈاﺅن کی وجہ سے پریس کلب نے اپنی سرگرمیاں محدود کر رکھی ہیں -تاہم پراجیکٹس تیار ہیں اور جونہی لاک ڈاﺅن میں نرمی ہو گی ان پر عملدرآمد بھی شروع ہو جائے گا – انہوں نے کہا کہ پریس کلب کے ٹریننگ کورسز کا سلسلہ پھر سے شروع کیا جائے گا – ہم نے یہ سلسلہ روکا نہیں بلکہ اس کو کرونا وائرس کی وجہ سے ہولڈ رکھا ہوا ہے – اس سلسلے میں غلام رسول شہزاد اور لیاقت علی شفقت کوباقاعدہ ڈیوٹیاں سونپی گئی ہیں کہ وہ کورسز کا انعقاد پہلے کی طرح ہی کریں – اجلاس میں بتایا گیا کہ پریس کلب کے سیکرٹری جنرل سہیل حیدر سہوترا جو آج کل امریکہ کے دورے پر ہیں نے اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے راہنماﺅں سے محدود ملاقاتیں کی ہیں جس میں دنیا بھر میں انسانی حقوق کے حوالے سے ان کی توجہ بھی مبذول کروائی گئی ہے – تاہم اگلے اجلاس میں اس حوالے سے مکمل رپورٹ پیش کی جائے گی -اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ جنیوا اور برسلز میںمئی اور جون میں ہونے والی انسانی حقوق کی کانفرنسیں کرونا کی وجہ سے منسوخ کر دی گئی تھیں اس لئے وہاں پریس کلب کا وفد نہیں جا سکا – البتہ ہم ان تنظیموں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں اور جونہی ممکن ہوا ہم ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے – اجلاس میں پریس کلب آف پاکستان یوکے کے سابق صدر شفیق الزمان کو مسیحی عوامی پارٹی برطانیہ کا چئیرمین منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی گئی اور ان پر واضح کیا گیا کہ انسانی حقوق کی جہاں خلاف ورزی ہو گی پریس کلب اس میں ان کے شانہ بشانہ چلے گا- اجلاس سے نصر اللہ خان مغل ‘ لیاقت علی عہد ‘سیمسن جاوید‘ سرفراز تبسم ‘ سہیل حیدر سہوترا ‘نعیم واعظ‘ محبوب الٰہی بٹ ‘ چوہدری پرویز مسیح مٹو‘ غلام رسول شہزاد ‘ طاہر بشیر ‘ لیاقت علی شفقت سمیت دیگر ارکان نے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ پشاور میں ندیم جوزف کی شہادت اور سو پور میں معصوم بچے کے سامنے اس کے دادا کا قتل انتہائی قابل مذمت واقعات ہیں اور ہم ان کی شدیدمذمت کرتے ہیں – دوسری طرف مقررین نے برطانیہ کے کشمیری سیاسی لیڈروں کے رویہ کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا کہ یہ لوگ محض اپنے لیڈروں کے ساتھ تصاویر اتروانے کی کی حد تک ہی تحریک آزادی کشمیر کا ذکر کرتے ہیں – انہیں تحریک کی کامیابی کے لئے گھروں سے باہر نکلنا ہو گا اور تحریک آزادی میں اپنا اثرو رسوخ استعمال کرنا ہوگا ورنہ بھارت آئے روز انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتا رہے گا













