پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعظم سواتی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی اہلیہ کو گزشتہ شب ایک نامعلوم نمبر سے ان کی اور ان کی اہلیہ کی ذاتی ویڈیو بھیجی گئی ہے۔ جو اس وقت بنائی گئی تھی جب وہ اگست میں سپریم کورٹ لاجز کوئٹہ میں مقیم تھے۔
لاہور میں ہفتے کو پریس کانفرنس کے دوران اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ چند دن قبل انہوں نے بہت وضاحت کے ساتھ کہا کہ انہیں کوئی دبا نہیں سکتا کیوں کہ انہوں نے کوئی کرپشن نہیں کی، ان کی کوئی ویڈیو لوگوں کے پاس، مقتدر حلقوں کے پاس نہیں ہوگی۔ لیکن وہ سراسر غلط تھے۔
انہوں نے گزشتہ شب پیش آئے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ”کل رات نو بجے ان کو اہلیہ نے کال کی، ان کی چیخ و پکار و ہچکیاں بند نہیں ہو رہی تھیں۔ میں سمجھا شاید میری پوتیوں کو کسی نے قتل کردیا ہے۔ میں نے بار بار اہلیہ سے پوچھا کہ کیا بات ہے، مگر اس کی آواز نہیں نکل رہی تھی وہ صرف چیخ و پکار کر رہی تھی۔”
اعظم سواتی نے بتایا کہ انہوں نے امریکہ سے آئی ہوئی اپنی بیٹی کو کال کی اور کہا کہ اپنی والدہ سے پوچھو کہ کیا ہوا ہے؟ اس کے بعد بیٹی نے بتایا کہ والدہ کو کسی نامعلوم نمبر سے ایک ویڈیو بھیجی گئی ہے۔ جس میں آپ ہیں۔
اعظم سواتی نے کہ انہوں نے بیٹی کو کہا کہ” چند دن قبل 13 اکتوبر کو جب مجھے اٹھا کر لے گئے تھے، اس وقت میری ویڈیو بنائی گئی تھی۔ اور آج کل ویڈیوز میں رد و بدل کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔ جس پر میری بیٹی نے کہا کہ ابو یہ آپ کی اور امی کی ویڈیو ہے۔”
پریس کانفرنس کے دوران اعظم سواتی یہ واقعہ بیان کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔ انہوں نے کہا ”بیٹی نے بتایا کہ ابوجب آپ کوئٹہ گئے تھے، یہ تب کی ویڈیو ہے۔”
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے 13 اکتوبر کو اعظم سواتی کودارالحکومت اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا تھا۔اعظم سواتی کے خلاف سائبرکرائم کے متنازع قانون کے تحت درج کردہ شکایت میں مسلح افواج اوران کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ کے خلاف “انتہائی نفرت انگیز اوردھمکی آمیز پیغام ٹوئٹ کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔
اعظم سواتی نے یہ ٹوئٹ وزیراعظم شہبازشریف اوران کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی منی لانڈرنگ کیس میں بریت کے عدالتی فیصلے کے بعد کی تھی۔ بعد ازاں عدالت نے اعظم سواتی کی ضمانت منظور کرلی تھی۔
سینیٹر اعظم سواتی نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ میری بیوی کو آنٹی اور چاچی کہتے ہو۔ آپ نے سپریم کورٹ کے جوڈیشل لاجز کے اندر میرا اور میری اہلیہ کا تحفظ کرنے کا انتظام کیا تھا۔ آپ نے مجھے بتایا تھا کہ چوں کہ سپریم کورٹ کا کوئی جج کوئٹہ میں نہیں ہے، لہٰذا آپ یہاں رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا اور میری اہلیہ کی زندگی کا یہ معمول ہے کہ ہم رات نو بجے سوتے ہیں اور صبح ساڑھے تین بجے اٹھتے ہیں۔ ہمارا یہی معمول ہے۔ لیکن اس ملک میں ایک میاں بیوی کا تقدس پامال کیا گیا۔
اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد ان کی بیوی، بہو اور تین پوتیاں ملک چھوڑ کر چلی گئی ہیں۔
اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ کیا آپ آج بھی نہیں پوچھ سکتے کہ میری فیملی کو ملک چھوڑنے پر کیوں مجبور کیا گیا؟ میری بہو، پوتیوں کا کیا قصور تھا؟ اس ملک کو ہم کس ڈگر پر لے کر چل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے یہ کیا، اس وقت زمین پھٹ کیوں نہیں گئی، یہ سب سپریم کورٹ کے جوڈیشل لاجز کوئٹہ میں کیا گیا۔ آپ میاں اور بیوی کی ویڈیوز بنا رہے ہیں۔
پریس کانفرنس میں اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ میرا قصور صرف یہ ہے کہ میرے غریب ملک کے 16 ارب روپے کرپشن کی نذر ہوئے اور میں نے آپ (جنرل باجوہ) کو مخاطب کرتے ہوئے ٹوئٹ کی۔ یہ میرا آئینی و قانونی حق ہے۔
انہوں نے چیئرمین صادق سنجرانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ” آپ کا آئی ایس آئی کے لوگوں کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا ہے۔ میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ آپ کی چاچی اور چاچے کو اس ملک میں گرایا گیا ہے۔ کیا کوئی بیٹی یا بہن سوچ سکتی ہے کہ اس کے گھر اندر اس کے ماں اور باپ کی ویڈیو سامنے آئے۔”
انہوں نے الزام لگایا کہ خفیہ ایجنسی نے اس ملک کی روایات، اقدار کو تباہ کردیا ہے۔
انہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا اور میرا رشتہ کتنا قریبی ہے۔ آپ جانتے ہیں کہ آپ کے ایک قریبی کا میرے پورے خاندان سے کتنا قریبی تعلق ہے۔ میں خود آپ کے اس ‘بڑے’ کا دوست ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے چند دن پہلے کہا تھا کہ ”باجوہ صاحب ایاز نام کا ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہے۔ آپ لوگوں کی، میجر جنرل فیصل اور بریگیڈیئر فہیم کی باتیں نہ سنیں۔”
انہوں نے کہا کہ وہ کون لوگ ہیں جو اس پر تلے ہوئے ہیں کہ پاکستان کا بچہ بچہ وردی سے نفرت کرے۔ جب عوام گریں گے اور نفرت پیدا ہوگی تو ملک کے دشمن کا سینہ چوڑا ہوگا۔
انہوں نے صادق سنجرانی کو مخاطب کیا کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ سپریم کورٹ لاجز کے اندر بھی یہ کالی بھیڑیں میاں اور بیوی کے ساتھ بھی اتنا گرا ہوا کام کریں گی ۔ میں وکلا سے پوچھتا ہوں کہ کہاں ہے بار اور بینچ کا نظام، کب آپ سچ کی آواز بولیں گے، کب پارلیمنٹیرین کی زبانیں کھلیں گی؟ اس سے بڑھ کر اور کوئی ظلم پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوسکتا۔
اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ ظلم کی آواز اب بند نہیں کرسکتے۔ میرا حقیقی آزادی کا عزم بڑھتا رہے گا۔ اب ان کے پاس مجھے قتل کرنے کا واحد حربہ رہ گیا ہے۔ میرا قاتل رانا ثناءاللہ، میجر جنرل فیصل، سیکٹر کمانڈر فہیم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر ایاز کے ساتھ آئی ایس آئی کی تین کالی بھیڑیں تھیں، جنہوں نے ویڈیو بنائی، یہی مجھے قتل کریں گے۔












