عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کو بتدریج بین الاقوامی سفر بحال کرنے پر زور دیا ہے، خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا مزید پھیلنے کا خطرہ موجود ہے، ایسے حالات میں صرف انتہائی ضروری سفر کو ترجیح دینی چاہیئے، عالمی ادارہ صحت نے زور دیا کہ وہ ممالک جو بین الاقوامی سفر پر پابندیاں ختم کر رہے ہیں انہیں خطرات کا بغور جائزہ لینے کے بعد بتدریج سفری پابندیاں اٹھانی چاہیئے
ادارے نے تجویز دی کہ ہنگامی صورتحال، انسانی حقوق سے متعلق اقدامات، ضروری اہلکاروں کا سفر اور وطن واپسی کیلئے ضروری سفر کو ترجیح دی جانی چاہیئے، علاوہ ازیں عالمی ادارے کی جانب سے کہا گیا کہ بیشتر ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جہاں دوبارہ لاک ڈاؤن لگادیا گیا، ڈبلیو ایچ او نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی سفر کی بحالی سے قبل ازخود حالات اور خطرات کا جائزہ لیکر اپنی ترجیحات کا تعین کریں۔ اپنی حالیہ ٹریول ایڈوائزری میں ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ تمام ممالک کو مقامی وبائی امراض، لوکل اور بیرونی ٹرانسمیشن کی تعداد اور سماجی فاصلے پر عملدرآمد کے پہلو کو زیر غور رکھنا چاہیئے
ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ تمام ممالک کو بیرون ملک سے آئے مسافروں کو قرنطینہ میں رکھنا چاہیئے، انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سفر میں کورونا کے برآمد اور درآمد ہونے کا امکان بالکل بھی صفر نہیں ہوسکتا، خیال رہے کہ ڈبلیو ایچ او نے جولائی میں اپنی ٹریول ایڈوائزری میں کہا تھا کہ تمام مسافر بشمول فضائی عملہ فیس ماسک لازمی پہننے، واضح رہے کہ مصر، متحدہ عرب امارات، تیونس، بحرین اور لبنان پر مشتمل پانچ عرب ممالک نے یکم جولائی سے سفری پابندیاں اٹھا لیں اور پروازیں بحال کردیں ہیں، حکام نے تمام ایئرلائنز کو پابند کیا تھا کہ وہ فضائی امور کی انجام دہی کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عمل پیرا ہوں، مشرق وسطیٰ سمیت دنیا بھر میں معروف فضائی کمپنی ایمیریٹس ایئرلائن نے مسافروں کیلئے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کا نتیجہ لازمی طور پر منفی آنے کو مشروط کرتے ہوئے اپنی پروازیں بحال کردیں ہیں
SHARE.













